پاکستان ممکنہ طور پر سپر 8 کے”گروپ آف ڈیتھ“ میں

4 1,026

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کا گروپ مرحلہ اختتام کو پہنچنے والا اور اس کے صرف دو مقابلے باقی رہ گئے ہیں جن کے نتائج سے اگلے یعنی سپر 8 مرحلے میں ٹیموں کی پوزیشن کا تعین ہوگا۔ ان دو مقابلوں میں گروپ ’بی‘ میں ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔ دونوں ٹیمیں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد اب ’مارو یا مر جاؤ‘ کے مرحلے پر پہنچ چکی ہیں اور آج کولمبو میں جو ٹیم فتح یاب ہوگی وہ سپر 8 مرحلے کے گروپ 1 میں جگہ پائے گی جہاں انگلستان، سری لنکا اور نیوزی لینڈ اس کے منتظر ہوں گے۔

نیوزی لینڈ کو بمشکل زیر کرنے والا پاکستان ممکنہ طور پر سپر 8 میں جنوبی افریقہ، بھارت اور آسٹریلیا جیسے حریفوں کا کیسے سامنا کرے گا؟ (تصویر: AFP)
نیوزی لینڈ کو بمشکل زیر کرنے والا پاکستان ممکنہ طور پر سپر 8 میں جنوبی افریقہ، بھارت اور آسٹریلیا جیسے حریفوں کا کیسے سامنا کرے گا؟ (تصویر: AFP)

دوسری جانب پاکستان گروپ مرحلے کا آخری مقابلہ کل بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔ پاکستان نے اتوار کو اب تک کھیلے گئے گروپ ’ڈی‘ کے واحد میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات کو کافی حد تک بڑھا لیا ہے جبکہ پہلے مقابلے میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کھانے والا بنگلہ دیش اب بہت نازک پوزیشن پر ہے۔ اسے 25 ستمبر کو پالی کیلے میں پاکستان کو نہ صرف شکست دینا ہوگی بلکہ اتنے واضح مارجن سے ہرانا ہوگا کہ وہ اس کے نیٹ رن ریٹ سے آگے بڑھ جائے اور اسی کی بنیاد پر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے۔
دونوں ٹیموں کی حالیہ فارم کو دیکھا جائے تو پاکستان کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے لیکن جو اصل مسئلہ درپیش ہے وہ اگلے مرحلے میں ”گروپ آف ڈیتھ“ کا سامنا ہے۔

اگر پاکستان بنگلہ دیش کو ہرا کر سپر 8 کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو وہ اہم مرحلے کے گروپ 2 میں پہنچے گا جہاں روایتی حریف بھارت اور آسٹریلیا کے علاوہ ٹورنامنٹ کے لیے فیورٹ سمجھا جانے والا جنوبی افریقہ اس کا حریف ہوگا۔ دونوں گروپوں میں سے صرف سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل کے مرحلے تک پہنچیں گی۔ پاکستان سپر 8 میں پہنچنے کی صورت میں پہلا مقابلہ 28 ستمبر کو کولمبو میں جنوبی افریقہ کے خلاف جبکہ دوسرا مقابلہ اسی میدان پر 30 ستمبر کو بھارت اور تیسرا و آخری معرکہ 2 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ گروپ مرحلے میں نسبتاً آسان گروپ میں دکھائی دینے والا پاکستان سپر 8 میں کیسی کارکردگی دکھاتا ہے۔

اس حوالے سے پوائنٹس ٹیبل ملاحظہ کیجیے، جہاں اب تک سپر 8 مرحلے میں پہنچنے والی ٹیموں کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ شیڈول کو دیکھنا بھی مناسب ہوگا جہاں آئندہ آنے والے میچز کے حریفوں کی تفصیلات دی گئی ہیں۔