ورلڈ کپ 2011ء: سری لنکن اسکواڈ کا اعلان

1 1,049

19 فروری سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ 2011ء کے لیے سری لنکن ٹیم کے 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ عالمی کپ میں سری لنکا کی قیادت وکٹ کیپر و بیٹسمین کمار سنگارا کے سپرد کی گئی ہے اور مہیلا جے وردھنے کو ان کا نائب مقرر کیا گیا ہے۔ اروندا ڈی سلوا کی قیادت میں بنائی گئی انتخابی کمیٹی نے اسکواڈ میں اسپن جادوگر مرلی دھرن کو شامل کرلیا لیکن ان کے دیرینہ ساتھی فاسٹ بالر چمندا واس اور آل راؤنڈر جے سوریا اسکواد میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام ہوئے۔

اس سے قبل 30 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں چمندا واس اور جے سوریا کو شامل کیا گیا تھا۔ جس کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ دونوں میچ وننر کھلاڑیوں میں سے ایک ضرور اگلے ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی کر سکے گا۔ 90ء کی دہائی کی شروعات میں ڈیبیو کرنے والے دونوں کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمینٹ کا اعلان کرچکے ہیں اور اب صرف ایک روزہ یا ٹی 20 طرز کی کرکٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ مرلی دھرن کا معاملہ بھی ان دونوں ساتھیوں سے کچھ زیادہ مختلف نہیں، انہوں نے گزشتہ سال جولائی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمینٹ کا اعلان کیا تھا۔ تاہم انہیں اگلے ورلڈ کپ کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے۔ یہ تینوں کھلاڑی 1996ء کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

چمندا واس نے آخری ایک روزہ میچ اگست 2008ء میں بھارت کے خلاف کھیلا تھا جبکہ جے سوریا نے آخری ایک روزہ میچ دسمبر 2009ء میں کھیلا تھا۔ امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ یہ دونوں کھلاڑی اگلے ماہ شروع ہونے والے عالمی کپ کے بعد ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمینٹ کا اعلان کردیں گے لیکن اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہیں یہ کام ورلڈکپ کھیلے بغیر ہی کرنا پڑے گا۔

سکواڈ میں شامل گیارہ کھلاڑی اس ٹیم کا حصہ تھے جنہوں نے آسٹریلیا میں کھیلے جانے والی تین ایک روزہ میچز کی سریز میں شرکت کی۔ سری لنکا نے مہمان ملک کے خلاف سیریز 2-1 سے اپنے نام کی۔ بھارت اور بنگلہ دیش کے ساتھ سری لنکا بھی 9 فروری سے 2 اپریل تک جاری رہنے والے ورلڈکپ 2011ء کی میزبانی کے فرائض انجام دے گا۔

ورلڈکپ کے لیے سری لنکن اسکواڈ میں شامل کھلاڑی یہ ہیں:
کمار سنگاکارا (کپتان)، مہیلا جے وردھنے، تلکارتنے دلشان، اپل تھرنگا، تھیلان سماراویرا، چمارا سلوا، چمارا کپوگدرا، انجیلو میتھیوس، تھیسارا پاریرا، نوان کالوسکرا، لسیتھ ملنگا، دلہارا فرنانڈا، متھایا مرلی دھرن، ایجنتھا مینڈس، رنگانا ہاراتھ۔