مالنگا کے ہاتھوں انگلستان باہر، سری لنکا سیمی فائنل میں

0 1,065

سری لنکا نے بہترین آل راؤنڈ کارکردگی کے ذریعے دفاعی چیمپئن انگلستان کو شکست دے کر نہ صرف اسے اعزاز کی دوڑ سے باہر کردیا ہے بلکہ اپنے ساتھ ویسٹ انڈیز کو بھی سیمی فائنل میں پہنچا دیا ہے۔ لاستھ مالنگا کی پانچ وکٹیں انگلش تابوت میں آخری کیل ثابت ہوئیں اور اب وہ نیوزی لینڈ کے ساتھ طیارہ پکڑے گا۔

پورے ٹورنامنٹ میں خاموش رہنے والے مالنگا بالآخر برس پڑے، انگلستان کی پانچ وکٹیں حاصل کر کے اس کی واپسی کے سفر کا اہتمام کر ڈالا (تصویر: AFP)
پورے ٹورنامنٹ میں خاموش رہنے والے مالنگا بالآخر برس پڑے، انگلستان کی پانچ وکٹیں حاصل کر کے اس کی واپسی کے سفر کا اہتمام کر ڈالا (تصویر: AFP)

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کے سپر 8 مرحلے میں گروپ 1 کا یہ آخری مقابلہ پورے ٹورنامنٹ میں بجھے بجھے رہنے والےلاستھ مالنگا کی واپسی کا اعلان تھا، جنہوں نے ابتداء ہی میں ایک اوور میں انگلستان کی تین وکٹیں گرا کر مقابلے کو مکمل طور پر سری لنکا کے حق میں کر دیا۔ جس کے بعد آنے والے بلے بازوں خصوصاً سمیت پٹیل اور گریم سوان کی سر توڑ کوششیں بھی انگلستان کو 169 رنز کے بھاری ہدف کے قریب نہ پہنچا سکیں اور فتح 19 رنز سے میزبان کے نام رہی۔

سری لنکا اب 4 اکتوبر کو کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں گروپ 2 میں دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کے مدمقابل ہوگا جبکہ ویسٹ انڈیز 5 اکتوبر کو اسی میدان میں گروپ 2 کی سرفہرست ٹیم سے سیمی فائنل کھیلے گا۔

پالی کیلے میں ہونے والے مقابلے میں انگلستان کو سری لنکا کی جانب سے 169 رنز کے ایک بھاری ہدف کے تعاقب کا امتحان درپیش تھا، جس میں وہ ابتداء ہی میں بری طرح لڑکھڑا گیا۔ لاستھ مالنگا نے تیسرے اوور میں چار گیندوں پر ان کے تین بلے بازوں کو لڑھکا کر میچ کا توازن مکمل طور پر سری لنکا کے حق میں پلٹ دیا۔ انہوں نے اوور کی تیسری گیند پر لیوک رائٹ کو پوائنٹ پر دلشان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا اور آخری دو گیندوں پر جانی بیئرسٹو اور ایلکس ہیلز کی اننگز بھی تمام کر دیں۔ بیئرسٹو کے بلے سے لگنے کے بعد گیند صرف ہوا میں سیدھی پرواز ہی کر سکی اور مڈ آف پر کولاسیکر کے ہاتھوں میں جا ٹھہری جبکہ اگلی گیند پر ہیلز وکٹوں کے سامنے دھر لیے گئے۔

اس موقع پر مرد بحران ایون مورگن اور ایک مرتبہ پھر ٹیم میں بلائے گئے سمیت پٹیل نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ جو بہرحال ہدف تک پہنچنے کا صرف تصور ہی کر سکتے تھے۔ لیکن پھر بھی مورگن جیسے بلے باز سے کچھ بھی متوقع تھا، انہیں اگر گیندیں میسر آ جائیں تو وہ انہونی کو بھی ہونی میں بدل سکتے ہیں اور جب اس کا موقع قریب آ رہا تھا تو وہ اپنے ہی جال میں خود پھنس گئے۔ اپنے بدنام زمانہ ریورس سوئپ کو کھیلنے کی کوشش میں اکیلا داننجایا کی گیند پر وکٹوں کے سامنے دھر لیےگئے۔ انہوں نے 15 گیندوں پر صرف 10 رنز بنائے۔

دوسرے اینڈ پر سمیت پٹیل بہت زبردست فارم میں نظر آئے۔ جنہوں نے یکے بعد دیگر روی بوپارا، جوس بٹلر اور اسٹورٹ براڈ کی وکٹیں گرنے کے باوجود ایک اینڈ سے رنز کا بہاؤ برقرار رکھا۔ انہیں آٹھویں وکٹ پر گریم سوان کی صورت میں ایک ساتھی میسر آیا جن کے ساتھ ان دونوں نے صرف 28 گیندوں 51 رنز جوڑے جب پٹیل 48 گیندوں پر 67 رنز بنا کر مالنگا کی پانچویں وکٹ بن گئے۔ان کی اننگز میں 2چھکے اور 8 چوکے شاملتھے۔

گریم سوان نے آخر میں انگلش تماشائیوں کو کچھ محظوظ کیا اور 20 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں سے 34 رنز بنائے اور آخری اوور کی دوسری گیند پر کولاسیکرا کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ 20 اوورز کے اختتام پر انگلستان 9 وکٹوں پر 150 رنز تک ہی پہنچ پایا۔

سری لنکا کی جانب سے مالنگا نے 4 اوورز میں 31 رنز دے کر 5، اکیلاداننجایا نے 26 رنز دے کر 2 اور کولاسیکرا اور اجنتھا مینڈس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں سری لنکا نے انگلستان کی جانب سے ملنے والی دعوت پر اننگز کا آغاز کیا تو ابتدا میں تلکارتنے دلشان کے آؤٹ ہونے کے باوجود تجربہ کار جوڑی مہیلا جے وردھنے اور کمار سنگاکارا نے اننگز کو پٹری سے نہ اترنے دیا۔ مہیلا، جو اس مقابلے میں قیادت کے فرائض انجام نہیں دے رہے تھے بلکہ ان کی جگہ قیادت سنگاکارا کو سونپی گئی تھی تاکہ وہ ممکنہ طور پر ایک مرتبہ پھر سلو اوور ریٹ کا شکار ہو کر ٹورنامنٹ کے اگلے اہم میچز سے باہر نہ ہو جائیں، نے 38 گیندوں پر 42 رنز کی ایک ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور نصف منزل طے کروانے کے بعد گیارہویں اوور کی پہلی گیند پر گریم سوان کا پہلا شکار بنے۔ سری لنکا کے لیے مشکل صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب اگلی ہی گیند پر سوان نے کمار سنگاکارا کو بھی پویلین لوٹنے پر مجبور کر دیا۔ اس موقع پر آل راؤنڈرز اینجلو میتھیوز اور جیون مینڈس نے معاملہ سنبھالا اور اگلے 5 اوورز میں 54 قیمتی رنز کا اضافہ کر کے انگلستان کو مقابلے پر گرفت مضبوط نہ کرنے دی۔ میتھیوز نے صرف 19 گیندوں پر ایک چھکے اور تین چوکون کی مدد سے 28 رنز بنائے۔ وہ جیون مینڈس کے اسٹورٹ براڈ کے ہاتھوں آؤٹ ہونے کے بعد اگلی ہی گیند پر پویلین سدھارے تو ذمہ داری لاہیرو تھریمانے اور تھیسارا پیریرا کے کاندھوں پر آ گئی۔

جنہوں نے بقیہ 26 گیندوں پر 36 رنز جوڑے اور مجموعے کو انگلستان کی پہنچ سے کہیں دور جا کھڑا کر دیا۔ تھریمانے 13 رنز بنانے کے بعد براڈ کے ہاتھوں بولڈ ہوئے جبکہ پیریرا 16 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 26 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ جس کی بدولت سری لنکا نے 20 اوورز کے اختتام پر 6 وکٹوں پر 169 رنز کا بھاری مجموعہ اکٹھا کیا، جو بعد ازاں انگلستان کو شکست دینے کے لیے کافی ثابت ہوا۔

انگلستان کی جانب سے کپتان اسٹورٹ براڈ 3 وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین باؤلر رہے جبکہ سوان نے دو اور فن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مالنگا کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ان کا اہم ترین موقع پر فارم میں واپس آنا سری لنکا کے لیے بڑا نیک شگون ہے۔

اس فتح کے ساتھ سپر 8 مرحلے میں سری لنکا ناقابل شکست رہا۔ اسے پورے ٹورنامنٹ میں واحد ہار جنوبی افریقہ کے خلاف اس گروپ میچ میں سہنا پڑی جب شدید بارش کے باعث مقابلہ 7،7 اوورز تک محدود کیا گیا تھا۔ یوں یہ ٹورنامنٹ اب تک سری لنکا کے لیے بہت شاندار رہا ہے اور جس طرح کی جامع کارکردگی وہ میدانوں میں دکھا رہا ہے، اسے اب ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے موزوں ترین امیدوار سمجھا جا سکتا ہے۔

سری لنکا بمقابلہ انگلستان

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء، سپر 8 مرحلہ، دسواں مقابلہ

یکم اکتوبر 2012ء

بمقام: پالی کیلے انٹرنیشنل اسٹیڈیم، کانڈی، سری لنکا

نتیجہ: سری لنکا 19 رنز سے فتح یاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: لاستھ مالنگا (سری لنکا)

سری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
مہیلا جے وردھنے ک مورگن ب سوان 42 38 5 1
تلکارتنے دلشان ایل بی ڈبلیو ب فن 16 12 1 1
کمار سنگاکارا ک بیئرسٹو ب سوان 13 12 1 0
اینجلو میتھیوز ب براڈ 28 19 3 1
جیون مینڈس ک بوپارا ب براڈ 18 13 2 1
لاہیرو تھریمانے ب براڈ 13 7 1 1
تھیسارا پیریرا ناٹ آؤٹ 26 16 0 2
نووان کولاسیکرا ناٹ آؤٹ 1 3 0 0
فاضل رنز ب 4، ل ب 2، و 6 12
مجموعہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 169

 

انگلستان (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
اسٹیون فن 4 0 24 1
جیڈ ڈرنباخ 4 0 42 0
اسٹورٹ براڈ 4 0 32 3
گریم سوان 4 0 26 2
روی بوپارا 2 0 12 0
سمیت پٹیل 2 0 27 0

 

انگلستانہدف: 170 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
لیوک رائٹ ک دلشان ب مالنگا 12 11 1 1
ایلکس ہیلز ایل بی ڈبلیو ب مالنگا 3 5 0 0
جانی بیئرسٹو ک کولاسیکرا ب مالنگا 2 2 0 0
سمیت پٹیل ب مالنگا 67 48 8 2
ایون مورگن ایل بی ڈبلیو ب داننجایا 10 15 1 0
روی بوپارا ب جیون مینڈس 1 6 0 0
جوس بٹلر ک اجنتھا مینڈس ب مالنگا 8 7 0 0
اسٹورٹ براڈ ک جے وردھنے ب داننجایا 1 2 0 0
گریم سوان ب کولاسیکرا 34 20 4 1
اسٹیون فن ناٹ آؤٹ 1 3 0 0
جیڈ ڈرنباخ ناٹ آؤٹ 2 2 0 0
فاضل رنز ب 1، ل ب 4، و 3، ن ب 1 9
مجموعہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 150

 

سری لنکا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
اینجلو میتھیوز 3 0 21 0
نووان کولاسیکرا 4 0 22 1
لاستھ مالنگا 4 0 31 5
اجنتھا مینڈس 4 0 40 0
اکیلا داننجایا 4 0 26 2
جیون مینڈس 1 0 5 1