دورۂ سری لنکا کے لیے نیوزی لینڈ ٹیم کا اعلان

0 1,038

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اپنے اختتام کو پہنچا اور اب تمام ٹیموں کی نظریں ایک مرتبہ پھر معمول کی کرکٹ پر مرکوز ہیں۔ ایک جانب جہاں جنوبی افریقہ کے دورۂ آسٹریلیا میں دنیا بھر کے شائقین کی دلچسپی ہے تو وہیں آسٹریلیا کا قریبی ترین جغرافیائی ساتھی نیوزی لینڈ سری لنکا جانے کے لیے پر تول رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے نیوزی لینڈ نے آج اپنے ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی دستوں کا بھی اعلان کر دیا ہے ۔

نیوزی لینڈ جان توڑ محنت کے باوجود سری لنکن سرزمین پر حالیہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں سیمی فائنل تک نہ پہنچ پایا (تصویر: Getty Images)
نیوزی لینڈ جان توڑ محنت کے باوجود سری لنکن سرزمین پر حالیہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں سیمی فائنل تک نہ پہنچ پایا (تصویر: Getty Images)

نیوزی لینڈ کے دورۂ سری لنکا کا باضابطہ آغاز 30 اکتوبر کو پالی کیلے میں واحد ٹی ٹوئنٹی سے ہوگا جبکہ 5 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کا پہلا معرکہ یکم نومبر سے جبکہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 17 نومبر سے شروع ہوگی۔

نیوزی لینڈ نے واحد ٹی ٹوئنٹی اور 5 ایک روزہ مقابلوں کے لیے 15 رکنی اور گال اور کولمبو میں اگلے ماہ ہونے والے دونوں ٹیسٹ مقابلوں کے لیے بھی اتنے ہی کھلاڑیوں پر مشتمل دستے کا اعلان کیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی دستے میں حالیہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کھیلنے والے تین کھلاڑی ڈینیل ویٹوری، ڈوگ بریسویل اور مارٹن گپٹل شامل نہیں ہیں۔ جنہیں مختلف وجوہات پر دورۂ سری لنکا کے لیے منتخب نہیں کیا گیا۔

سری لنکا میں اسپنرز کے لیے مددگار وکٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ نے کینٹربری کے لیگ اسپنر ٹوڈ آسٹل کو ٹیم میں شامل کیا ہے جو اپنے فرسٹ کلاس کیریئر میں 127 وکٹوں کے حامل ہیں۔ قومی سلیکشن مینیجر کم لٹل جان کے مطابق ان کی آل راؤنڈ صلاحیتوں کے باعث انہیں دیگر باؤلرز پر فوقیت دی گئی ہے۔

ادھر ٹرینٹ بولٹ، اینڈریو ایلس اور ٹام لیتھم کو محدود اوورز کے دونوں دستوں میں جگہ دی گئی ہے۔

اعلان کردہ دستے ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوں گے (نام بلحاظِ حروف تہجی):

ٹیسٹ اسکواڈ:

روز ٹیلر (کپتان)، برینڈن میک کولم، ٹرینٹ بولٹ، ٹوڈ آسٹل، جیتن پٹیل،جیمز فرینکلن، راب نکول، ڈوگ بریسویل، ڈینیل فلن، کرس مارٹن، کروگر وان وائیک، کین ولیم سن، مارٹن گپٹل اور نیل ویگنر۔

ایک روزہ/ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ:

روز ٹیلر (کپتان)، اینڈریو ایلس، ایڈم ملنے، برینڈن میک کولم، ٹام لیتھم، ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی، بی جے واٹلنگ،جیکب اورم، جیمز فرینکلن، راب نکول، رونی ہیرا،کائل ملز اور کین ولیم سن۔