آسٹریلیا ایک مرتبہ پھر نمبر ون بننے کے لیے پُر عزم

0 1,016

آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ آنے والے سال میں پے در پے ٹیسٹ سیریز کے ذریعے ایک مرتبہ پھر آسٹریلیا کو نمبر ون بنائیں گے۔

1995ء سے گزشتہ دہائی کے اواخر تک دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کرنے والا آسٹریلیاگلین میک گرا، ایڈم گلکرسٹ، شین وارن اور میتھیو ہیڈن جیسے عظیم کھلاڑیوں کی ریٹائرمنٹ کے بعد زوال پذیر ہونا شروع ہوا اور آخری ایشیز سیریز میں 3-1 کی بھاری شکست اس کے زوال کی انتہا تھی۔ لیکن اس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے بنیادی ڈھانچے میں تبدیلیاں لاتے ہوئے شکست کے اسباب کو سمجھا اور اب ایک مرتبہ پھر بحالی کے عمل کی جانب رواں ہے۔ گزشتہ موسم گرما میں آسٹریلیا نے بھارت کو 4-0 کی کلین سویپ شکست دے کر نہ صرف اپنی گرتی ہوئی پوزیشن کو سنبھالا بلکہ اس فتح کے ساتھ کئی ابھرتے ہوئے کھلاڑی بھی سامنے آئے جو اب قومی دستے کا اہم حصہ ہیں۔

فی الحال نظریں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز پر مرکوز ہیں: مائیکل کلارک (تصویر: Getty Images)
فی الحال نظریں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز پر مرکوز ہیں: مائیکل کلارک (تصویر: Getty Images)

آسٹریلیا نے اگلے ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں، جس کے بعد وہ دسمبر اور جنوری میں سری لنکا کے خلاف اتنے ہی ٹیسٹ مقابلے کھیلے گا۔ اگلے سال وہ فروری و مارچ میں بھارت کا دورہ کرے گا جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ مقابلے ہوں گے اور اس کے بعد روایتی حریف انگلستان کے خلاف یکے بعد دیگرے ایشیز سیریز ہوگی۔

آسٹریلیا جیسے خط استوا سے نیچے واقع ممالک میں جہاں موسم گرما دسمبر اور جنوری کے ایام میں ہوتا ہے، میں کرکٹ کے نئے سیزن کا باضابطہ افتتاح آج یعنی سوموار کو کیا گیا جس سے گفتگو کرتے ہوئے مائیکل کلارک نے کہا کہ میں آسٹریلیا کو ایک مرتبہ پھر سرفہرست مقام تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھوں گا۔ آنے والا سال بہت اہم ہے اور میرے بین الاقوامی کیریئر کا اہم ترین لمحہ بھی۔

انگلستان کے خلاف تاریخ میں پہلی بار یکے بعد دیگرے سیریز کھیلی جائیں گی، جس کی وجہ رواں سال لندن اولمپکس اور آگے عالمی کپ 2015ء کے شیڈول سے متصادم ہونے سے بچنا ہے۔ اس حوالے سے کلارک نے کہا کہ ایشیز سے قبل آسٹریلین ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی کارکردگی ثابت کرنا ہوگی۔ جنوبی افریقہ بہت سخت حریف ہے اور اس وقت ٹیسٹ میں عالمی نمبر ایک بھی ہے اور ہماری نظریں فی الحال اس سیریز پر مرکوز ہیں۔

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا باضابطہ آغاز 9 نومبر سے گابا، برسبین میں ہوگا۔