دورۂ بھارت: انگلستان نے زخمی فن کی جگہ میکر کو طلب کر لیا

0 1,023

اہم ترین سیریز کے لیے بھارت پہنچتے ہی انگلستان کو اپنے گیند باز اسٹیون فن کی انجری نے دہلا کر رکھ دیا ہے۔ وہ انڈیا ’اے‘ کے خلاف پہلے ٹؤر میچ کے دوران ران کے پٹھوں میں کھنچاؤ کے باعث مسائل سے دوچار ہو گئے تھے اور گو کہ ان کی انجری کی سنجیدگی کا حتمی علم ابھی تشخیص کے نتائج سامنے آنے پر ہوگا لیکن انگلستان نے حفظ ما تقدم کے تحت سرے سے کھیلنے والے 23 سالہ اسٹورٹ میکر کو طلب کر لیا ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ فن 15 نومبر کو احمد آباد میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ تک مکمل صحت یاب نہیں ہو پائیں گے۔ بہرحال، ابھی پہلے ٹیسٹ میں کافی دن باقی ہیں اور اس دوران ممبئی ’اے‘ کے خلاف دوسرے ٹور میچ کے لیے فن کی جگہ گراہم اونینز انگلستان کی نمائندگی کریں گے۔ یہ میچ 8 نومبر سے ہریانہ میں کھیلا جائے گا۔

اسٹورٹ میکر جنوبی افریقی پس منظر کے حامل تیز باؤلر ہیں (تصویر: Getty Images)
اسٹورٹ میکر جنوبی افریقی پس منظر کے حامل تیز باؤلر ہیں (تصویر: Getty Images)

اسٹورٹ میکر کا بین الاقوامی تجربہ محض دو ایک روزہ مقابلوں تک محدود ہے، لیکن وہ فن ہی کی رفتار سے گیند کرا سکتے ہیں اور انگلستان کے نیشنل کرکٹ پرفارمنس سینٹر میں ملک کے تیز ترین باؤلر قرار پائے۔

کیون پیٹرسن کی طرح وہ بھی جنوبی افریقی پس منظر کے حامل ہیں اور پیٹرمیرٹزبرگ میں پیدا ہوئے تھے، جس سے ناقدین کو اپنے اس دعوے کی ایک اور مضبوط دلیل ملے گی کہ انگلستان غیر ملکی کھلاڑیوں پر بھروسہ کرتا ہے۔ میکر 12 سال کے تھے جب ان کے اہل خانہ انگلستان منتقل ہوئے تھے۔ 2012ء کے چیمپئن شپ سیزن میں وہ سرے کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر رہے، جب انہوں نے 22.56 کے اوسط سے 10 میچز میں 44 وکٹیں حاصل کیں اور وہ نئی اور پرانی دونوں گیندوں سے وکٹ کے دونوں اطراف سوئنگ کرنے کا ہنر بھی جانتے ہیں۔

بھارت-انگلستان سیریز دونوں ٹیموں کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ بھارت بیرون ملک مسلسل دو سیریز ہارنے کے بعد پہلی بار کسی بڑی ٹیم سے کھیلنے جا رہا ہے، گو کہ اسے ہوم گراؤنڈ/کراؤڈ کا فائدہ حاصل ہوگا لیکن پھر بھی انگلستان ایسی ٹیم نہیں ہے جس کے خلاف یہ کہا جا سکے کہ بھارت با آسانی جیت جائے گا۔ دوسری جانب انگلستان جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ہی وطن میں سیریز ہارنے اور ٹیسٹ میں نمبر ایک پوزیشن گنوانے کے بعد اب زخمی شیر کی طرح ہے اور وہ بھارت کو گزشتہ سال کی کلین سویپ شکست کا بدلہ لینے سے روکنے کی بھرپور کوشش کرے گا۔