آسٹریلیا کے لیے خطرے کی بو، واٹسن زخمی

0 1,008

جنوبی افریقہ کے خلاف اہم ترین سیریز سے قبل آسٹریلیا کو خطرے کی بو اب شدت کے ساتھ محسوس ہونے لگی ہے کیونکہ اس کے نائب کپتان اور اہم ترین کھلاڑی شین واٹسن اپنی بائیں پنڈلی میں تکلیف کے باعث ممکنہ طور پر پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل پائیں گے۔

واٹسن شیفیلڈ شیلڈ کے میچ میں صرف ایک اوور پھینک پائے (تصویر: Getty Images)
واٹسن شیفیلڈ شیلڈ کے میچ میں صرف ایک اوور پھینک پائے (تصویر: Getty Images)

شین واٹسن گزشتہ روز کوئنزلینڈ کے خلاف شیفیلڈ شیلڈ کے ایک میچ کے دوران تکلیف کے باعث میدان بدر ہوئے اور ہسپتال میں تشخیصی مراحل سے گزرے۔ وہ اپریل میں دورۂ ویسٹ انڈیز کے بعد پہلی بار کسی فرسٹ کلاس مقابلے میں باؤلنگ کروا رہے تھے اور محض ایک اوور پھینکنے کے بعد انہوں نے نیو ساؤتھ ویلز کے کپتان مائیکل کلارک سے بات کر کے میدان چھوڑ دیا۔

بعد ازاں معلوم ہوا کہ ان کی بائیں پنڈلی میں تکلیف تھی، یعنی وہی انجری جو رواں سال دورۂ انگلستان میں ہوئی تھی۔ اس خبر کے ساتھ ہی آسٹریلیا کے لیے مسائل کی فہرست لمبی ہوتی جا رہی ہے کیونکہ دوسری جانب تجربہ کار رکی پونٹنگ بھی ران کے پٹھوں میں کھنچاؤ کے باعث ساؤتھ آسٹریلیا کے خلاف تسمانیہ کی نمائندگی نہیں کر پائے تھے۔

واضح رہے کہ شین واٹسن کو حال ہی میں جنوبی افریقہ میں ہونے والی چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کے درمیان ہی سے وطن واپس بلا لیا گیا تھا کیونکہ کرکٹ آسٹریلیا کے عہدیدار اور سلیکٹرز واٹسن کو فرسٹ کلاس مقابلے کھیل کر اپنا ذہن طویل طرز کی کرکٹ کی جانب منتقل کرنے کا موقع دینا چاہتے تھے لیکن بدقسمتی سے یہ موقع ضایع ہو گیا ہے۔

غالباً کھلاڑیوں پر بڑھتا ہوا کام کا دباؤ پے در پے زخمی ہونے کی سب سے بڑی وجہ ہے اور کرکٹ آسٹریلیا حال ہی میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء کے فوراً بعد چیمپئنز لیگ کے انعقاد پر کچھ خوش نہیں دکھائی دیتا کیونکہ دونوں ٹورنامنٹس میں اس کے تمام اہم کھلاڑی شریک رہے جبکہ اس نے اب جنوبی افریقہ جیسی پائے کی ٹیم کے خلاف طویل سیریز کھیلنی ہے۔

گو کہ ابھی واٹسن کی انجری کی حتمی نوعیت طے ہونا ابھی باقی ہے اور سب کی نظریں اس کی تفصیلات پر مرکوز ہیں لیکن اگر واٹسن 9 نومبر سے گابا میں شروع ہونے والا پہلا ٹیسٹ نہ کھیل پائے تو یہ آسٹریلیا کے لیے بہت بڑا نقصان ہوگا۔