واٹسن پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل پائیں گے، راب کوئنی طلب

0 1,027

اور وہی ہوا جس کا خطرہ تھا، تمام تر پیشگی اقدامات لاحاصل ثابت ہوئےاور شین واٹسن زخمی ہوکرجنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ سےباہر ہو گئے۔

شین واٹسن بھارت کے خلاف آخری ہوم سیریز بھی نہیں کھیل پائے تھے (تصویر: AP)
شین واٹسن بھارت کے خلاف آخری ہوم سیریز بھی نہیں کھیل پائے تھے (تصویر: AP)

کرکٹ آسٹریلیا نے اسی خطرے کے پیش نظر انہیں چیمپئنز لیگ 2012ء کے درمیان سے وطن واپس بلا لیا تھا لیکن برسبین ٹیسٹ کے لیے تیاریوں کے سلسلے میں کوئنزلینڈ کے خلاف کھیلےگئے شیفیلڈ شیلڈ میچ میں ایک ہی اوور میں واٹسن کو پنڈلی میں تکلیف شروع ہو گئی اور وہ پہلے میدان بدر اور پھر پہلے ٹیسٹ ہی سے باہر ہوگئے۔

آسٹریلیا نے ریاست وکٹوریا سے تعلق رکھنے والے راب کوئنی کو اُن کی جگہ طلب کر لیا ہے جو اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کریں گے۔ آسٹریلین کوچ مکی آرتھر نے بھرپور امید کا اظہار کیا ہے کہ واٹسن ایڈیلیڈ میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل مکمل صحت یاب ہو جائیں گےاور بحیثیت آل راؤنڈ مقابلے میں شرکت کریں گے۔

سوموار کو برسبین میں گفتگو کرتے ہوئے آرتھر نے کہا کہ شین واٹسن پہلا ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے۔ آج صبح جائزہ لینے کے بعد اندازہ ہوا ہے کہ جمعے تک وہ صحت یاب نہیں ہو پائیں گے اس لیے راب کوئنی آسٹریلیا کی جانب سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کریں گے۔

اس بڑے نقصان کے باوجود کوچ پرامید ہیں کہ آسٹریلیا عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ کے خلاف اس امتحان میں سرخرو ہوگا۔ ”گزشتہ سال ہم نے بھارت کو 4-0 کی بھاری شکست سے دوچار کیا تھا اور شین واٹسن اس مہم میں ہمارے ساتھ نہیں تھے۔“

مکی آرتھر نے کہا کہ گابا کی وکٹ کو دیکھ کر یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ کسی اسپنر کو کھلایا جائےیا نہیں اور اگر یہ روایتی وکٹ رہی تو ہم ضرور ناتھن لیون کو ٹیم میں شامل کریں گے جو اس وقت آسٹریلیا کے بہترین اسپنر ہیں۔

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 9 نومبر بروز جمعہ سے گابا، برسبین میں شروع ہو رہاہے جس کے لیے دونوں ٹیموں کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں۔