جنوبی افریقہ کو دھچکا، جے پی دومنی پورے دورۂ آسٹریلیا سے باہر

5 1,026

آسٹریلیا کے دورے کے شاندار آغاز کے باوجود اک بری خبر جنوبی افریقہ کے لیے پہلے ہی روز منتظر تھی۔ اک جانب جہاں ہاشم آملہ اور ژاک کیلس کے بلے سے رنز کا اگلنے والا سیلاب آسٹریلیا کو ڈبو رہا تھا تو وہیں ژاں پال دومنی کی ایڑی میں ہونے والی تکلیف کی خبر جنوبی افریقی خیمے کو پریشان کیے دے رہی تھی۔ وہ جمعے کو گابا، برسبین میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کے کھیل کے بعد ’وارم ڈاؤن‘ سیشن میں حصہ لے رہے تھے کہ پھسل کے گرنے کے بعد بائیں پیر کی ایڑی میں شدید تکلیف نے انہیں بے حال کر دیا۔ فوری تجزیے کے بعد انہیں جراحی (سرجری) کا مشورہ دیا گیا ہے اور وہ کم از کم تین ماہ کے لیے کرکٹ نہیں کھیل پائيں گے۔

ژاں پال دومنی تین سے چھ ماہ تک کرکٹ نہیں کھیل پائیں گے (تصویر: PA Photos)
ژاں پال دومنی تین سے چھ ماہ تک کرکٹ نہیں کھیل پائیں گے (تصویر: PA Photos)

کیونکہ میچ کے آغاز سے قبل ٹیم کا اعلان کر دیا گیا تھا، جس میں دومنی شامل تھے، اس لیے اب جنوبی افریقہ کو ایک کھلاڑی سے محروم ہو کر کھیلنا پڑے گا البتہ وہ بارہویں کھلاڑی کی فیلڈنگ کی خدمات ضرور حاصل کر سکتا ہے۔

جنوبی افریقی ٹیم کے مینیجر محمد موسیٰ جی کے مطابق ایم آر آئی اسکین نے ظاہر کیا ہے کہ ان ایڑی اور پنڈلی کا درمیانی پٹھا پھٹ گیا ہے، اور اسے دوبارہ جوڑنے کے لیے ہفتے کی صبح آپریشن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دومنی اس طرح سیریز سے باہر ہونے پر بہت مایوس ہیں، لیکن مثبت ذہن کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

دومنی اس کے بعد وطن واپس روانہ ہو جائیں گے، جبکہ ان کی غیر موجودگی میں فرانکو دو پلیسے فیلڈنگ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ ان کے متبادل کے طور پر کھلاڑی کے نام کا اعلان پیر کو کیا جائے گا۔

اس انجری کے نتیجے میں برسبین ٹیسٹ میں بغیر کسی اسپنر کے کھیلنے والا جنوبی افریقہ اپنے سب سے بہترین جز وقتی اسپنر سے بھی محروم ہو گیا ہے۔

چار سال قبل دورۂ آسٹریلیا ہی میں ایشویل پرنس کے زخمی ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرنے والے دومنی نے کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 2-1 سے فتح دلوائی تھی۔

بہرحال، اس بری خبر کے باوجود جنوبی افریقہ پہلے ٹیسٹ میں بہت عمدگی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اس نے صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز جوڑ لیے ہیں اور اس کے دونوں بہترین بلے باز ہاشم آملہ اور ژاک کیلس بالترتیب 90 اور 84 رنز پر ناقابل شکست ہیں۔