نمبر ایک کی چو مکھی جنگ کا آغاز

0 1,022

ٹیسٹ میں عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ آسٹریلیا کے خلاف اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہا ہے تو وہیں کل یعنی جمعرات سے بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں نمبر ون پوزیشن دو مزید امیدوار بھی میدان میں اتریں گے یعنی بھارت اور انگلستان۔ دونوں ٹیمیں سال گزشتہ میں نمبر ایک پوزیشن پر تھیں لیکن انگلستان نے پہلے بھارت کو محروم کیا اور چند ماہ قبل جنوبی افریقہ کے خلاف بدترین شکست کھا کر اپنی پوزیشن سے محروم ہو گیا تھا۔ اب ان چاروں ٹیمیں کے پاس مواقع ہیں کہ وہ با آسانی یا بمشکل اس ہدف کو حاصل کر سکیں۔

ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں اس وقت جنوبی افریقہ نمبر ایک پر ہے (تصویر: Getty Images)
ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں اس وقت جنوبی افریقہ نمبر ایک پر ہے (تصویر: Getty Images)

ایک طرف انگلستان ہے، جو 28 سال سے سرزمینِ ہند پر سیریز جیتنے کا متمنی ہے۔ اینڈریو اسٹراس کی ریٹائرمنٹ کے بعد ایلسٹر کک کو ٹیسٹ قیادت کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلا ہدف ہی بہت مشکل ملا ہے۔ البتہ اگر وہ ہندوستان میں جیتنے میں کامیاب ہو گئے تو نہ صرف اس نمایاں کارنامے کو انجام دینے والے قائد بن جائیں گے بلکہ ممکنہ طور پر انگلستان کو عالمی درجہ بندی میں کھوئی ہوئی اپنی نمبر ایک پوزیشن بھی دلوا دیں گے۔

البتہ اس کا انحصار آسٹریلیا-جنوبی افریقہ سیریز کے نتیجے پر بھی ہے جو بحر ہند کے اُس پار آسٹریلوی سرزمین پر جاری ہے۔ اگر آسٹریلیا اس سیریز میں جنوبی افریقہ کو زیر کرتا ہے یا کم از کم سیریز برابر ہی کر لیتا ہے تو انگلستان کو نمبر ون بننے کے لیے امید کی کرن نظر آ سکتی ہے۔

وہ اس طرح کہ اگر آسٹریلیا برسبین میں کھیلے گئے ٹیسٹ کی شاندار کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے سیریز 1-0 یا 2-0 سے جیت جاتا ہے تو وہ جنوبی افریقہ کو پچھاڑ کر نئی نمبر ایک ٹیم بن جائے گا۔ لیکن اگر انگلستان بھارت کو 3-0 یا 4-0 سے ہرانے میں کامیاب ہو گیا تو وہ آسٹریلیا کی جگہ ایک مرتبہ پھر نمبر ون بن جائے گا۔

بالکل اسی طرح اگر آسٹریلیا-جنوبی افریقہ سیریز برابر رہتی ہے تو گریم اسمتھ الیون بدستور سرفہرست رہے گی۔ اور انگلستان بھارت کو 3-0 یا 4-0 کے مارجن سے شکست دے کر نمبر ایک پوزیشن حاصل کر سکتا ہے۔ گو کہ اتنے بھاری مارجن سے بھارت کا اپنی سرزمین پر سیریز ہارنا، اور وہ بھی انگلستان کے ہاتھوں، فی الوقت تقریباً ناممکنات میں سے ہے۔

لیکن اگر جنوبی افریقہ 1-0 کے فرق سے بھی آسٹریلیا کو ہرانے میں کامیاب ہو گیا تو گویا وہ انگلستان کی معجزاتی کارکردگی بھی اسے دوسرے نمبر تک ہی پہنچا پائے گی۔ علاوہ ازیں بھارت 2-0 سے یا اس سے بہتر فرق سے سیریز جیت کر تیسری پوزیشن پر ہی پہنچ سکتا ہے۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹیبل پر اس وقت جنوبی افریقہ 120 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ انگلستان 117 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا صرف ایک پوائنٹ کے فرق سے تیسرے جبکہ پاکستان 109 کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر براجمان ہے۔ بھارت کا نمبر پانچواں ہے جو 106 پوائنٹس کا حامل ہے۔

بھارت-انگلستان احمد آباد ٹیسٹ تو کل سے شروع ہو رہا ہے جبکہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے مابین دوسرا ٹیسٹ 22 نومبر سے ایڈیلیڈ اوول میں کھیلاجائے گا۔

ٹیسٹ تازہ ترین عالمی و انفرادی درجہ بندی کے لیے کرک نامہ کا خصوصی صفحہ ملاحظہ کیجیے۔