خبر رساں اداروں نے بھارت-انگلستان ٹیسٹ کا بائیکاٹ کر دیا

0 1,031

بھارت اور انگلستان کے مابین ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل ہی بھارتی کرکٹ بورڈ اور خبر رساں اداروں کے درمیان تنازع نے خطرناک صورتحال اختیار کر لی ہے اور بی سی سی آئی کی جانب سے تصویریں فراہم کرنے والے اداروں پر عائد بندشوں کے خلاف اہم بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے احتجاجاً سیریز کے پہلے ٹیسٹ کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔

دنیا کے سب سے بڑے تصویر و خبر رساں ادارے احمد آباد ٹیسٹ کو کوریج نہیں دے رہے (تصویر: Getty Images)
دنیا کے سب سے بڑے تصویر و خبر رساں ادارے احمد آباد ٹیسٹ کو کوریج نہیں دے رہے (تصویر: Getty Images)

بائیکاٹ کرنے والے بین الاقوامی اداروں میں تھامسن رائٹرز، ایجنسی فرانس-پریس اور ایسوسی ایٹڈ پریس جیسے موقر ادارے بھی شامل ہیں، جو مذکورہ دورے کی خبریں اور ساتھ ساتھ تصاویر بھی پیش نہیں کریں گے۔ برطانیہ کاقومی خبر رساں ادارہ پریس ایسوسی ایشن بھی اس احتجاج میں شریک ہے اور دورے کی تصاویر فراہم نہیں کرے گا۔

بین الاقوامی و مقامی ابلاغی انجمنوں کے اتحاد نیوز میڈیا کوالیشن (NMC) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گیٹی امیجز، ایکشن امیجز اور دو بھارتی تصویری ایجنسیوں پر پابندی کے بعد بین الاقوامی خبری اداروں نے احمد آباد ٹیسٹ کی تصویری یا خبری کوریج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عموماً تصویری و خبر رساں ادارے ہر دورے میں ہزاروں تصاویر و خبریں جاری کرتے ہیں لیکن بی سی سی آئی کی جانب سے اہم اداروں کو اجازت نہ دینے کے بعد اب صرف بھارتی بورڈ کی جاری کردہ تصاویر ہی منظر عام پر آئیں گی۔

آج سے احمد آباد میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کی تصاویر بھارتی کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔