پی سی بی ’ولن‘ بن گیا

3 1,023

آپ نے روایتی پاکستانی فلموں میں یہ منظر ضرور دیکھا ہو جس میں ایک کردار عین وقت پر ’اے شادی نئیں ہو سکدی‘ کا مکالمہ ادا کرتے ہوئے ’رنگ میں بھنگ‘ ڈال دیتا ہے۔

شاہد آفریدی نے گزشتہ سال ملبورن رینیگیڈز کی نمائندگی کی تھی (تصویر: گیٹی امیجز)

کچھ ایسی ہی صورتحال پاکستان کے تین کھلاڑیوں شاہد آفریدی، عمر اکمل اور سعید اجمل کے ساتھ پیش آ گئی ہے، جو بگ بیش لیگ کھیلنے کے لیے آسٹریلیا روانگی کے لیے پر تول ہی رہے تھے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان تینوں کو بی بی ایل کھیلنے سے منع کرتے ہوئے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کھیلنے کا حکم صادر کیا ہے۔ اب انہیں بادل نخواستہ دورۂ بھارت سے قبل طے شدہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں حصہ لینا پڑے گا جو 2 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔

عمر اکمل نے حال ہی میں گزشتہ سال کی چیمپئن سڈنی سکسرز سے جبکہ سعید اجمل نے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز سے معاہدہ کیا تھا جبکہ شاہد آفریدی، جنہوں نے گزشتہ سال ملبورن رینیگیڈز کی نمائندگی کی تھی، اس سال سڈنی تھنڈر کی جانب سے کھیلتے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابھی چند روز قبل ہی تینوں کھلاڑیوں کو بگ بیش لیگ کھیلنے کے لیے اجازت نامے جاری کیے تھے لیکن اب اچانک فیصلے نے ان کے سارے منصوبے تلپٹ کر دیے ہیں۔

10 دسمبر کو قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے خاتمے کے بعد پاکستان کے کھلاڑی ایک ہفتے کے تربیتی کیمپ میں شرکت کریں گے اور 22 دسمبر کو بھارت کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔