[ریکارڈز] پہلی اننگز میں 500 رنز لیکن مقدّر شکست

0 1,034

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایسا مواقع شاذونادر ہی آئے ہیں کہ کوئی ٹیم پہلی اننگز میں 500 سے زیادہ مجموعہ حاصل کرے اور پھر بھی شکست دو چار ہو۔ کچھ ایسا ہی 'کارنامہ' بنگلہ دیش نے انجام دیا ہے جومیرپور، ڈھاکہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز میں 556 رنز بنانے کے بعد دوسری اننگز میں 245 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے 167 رنز پر ڈھیر ہو گیا اور 77 رنز سے شکست کھا گیا۔

تاریخ میں صرف 13 مواقع ایسے آئے ہیں کہ کوئی ٹیم پہلی اننگز میں اتنی شاندار بلے بازی کے باوجود لڑکھڑا گئی ہو۔ جس ٹیم نے اولین اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے باوجود ٹھوکر کھائی وہ آسٹریلیا کی ٹیم تھی جو دسمبر 1894ء میں انگلستان کے خلاف سڈنی ٹیسٹ میں 586 رنز بنانے کے باوجود شکست سے ہمکنار ہوئی۔

اس کے بعد پاکستان کا نمبر آتا ہے جس نے دسمبر 1973ء میں آسٹریلیا کے خلاف ملبورن ٹیسٹ میں 574 رنز پر اننگز ڈکلیئر کی اور آسٹریلیا کے پہلی اننگز کے اسکور پر 133 رنز کی برتری بھی حاصل کی لیکن دوسری اننگز میں 293 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے محض 200 رنز پر ڈھیر ہو گیا۔ کوئی پاکستانی بلے باز نصف سنچری کو نہ پہنچ پایا اور اننگز 58 ویں اوور میں تمام ہوئی۔ اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان سیریز بھی ہار گیا تھا۔

مذکورہ بالا مقابلے کے علاوہ دو مواقع ایسے آئے ہیں جہاں پاکستانی پہلی اننگز میں اتنا بڑا ہمالیہ کھڑا کرنے کے باوجود جیت نہ پایا۔ اور یہ دونوں مواقع 2006ء کے بدقسمت دورۂ انگلستان میں آئے جہاں ہیڈنگلے ٹیسٹ میں 538 رنز بنا کر 23 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد شکست پاکستان کا مقدر ٹھیری جبکہ محض 18 دن بعد اوول ٹیسٹ میں بھی یہی ہوا جہاں امپائرنگ ڈیرل ہیئر کی جانب سے بال ٹمپرنگ کا الزام عائد کیے جانے کے بعد قومی ٹیم نے میدان میں اترنے سے انکار کر دیا اور بالآخر امپائروں نے انگلستان کو فاتح قرار دے دیا۔

بہرحال، مجموعی طور پر بنگلہ دیش اس فہرست میں چوتھی پوزیشن پر ہے کیونکہ یہ 556 رنز جیسا بھاری مجموعہ حاصل کرنے کے باوجود شکست سے دوچار ہوا۔

ان تمام مقابلوں کی فہرست ہم نیچے درج کر رہے ہیں، امید ہے قارئین کی معلومات میں اضافے کا باعث ہوگی۔

پہلی اننگز میں 500 رنز کے باوجود شکست کھانے والی ٹیمیں

ٹیم رنز اوورز برتری اننگز بمقابلہ بمقام بتاریخ
آسٹریلیا 586 172.3 586 1 انگلستان سڈنی 1894ء، دسمبر 14
پاکستان 574/8ڈ 124.6 133 2 آسٹریلیا ملبورن 1972ء دسمبر 29
آسٹریلیا 556 127.0 556 1 بھارت ایڈیلیڈ 2003ء دسمبر 12
بنگلہ دیش 556 148.3 29 2 ویسٹ انڈیز ڈھاکہ 2012، نومبر 13
انگلستان 551/6ڈ 168.0 551 1 آسٹریلیا ایڈیلیڈ 2006، یکم دسمبر
سری لنکا 547/8ڈ 170.0 291 2 آسٹریلیا کولمبو 1992، اگست 17
پاکستان 538 141.4 23 2 انگلستان لیڈز 2006ء، اگست 4
بھارت 532 138.2 69 2 آسٹریلیا سڈنی 2008ء، جنوری 2
ویسٹ انڈیز 526/7ڈ 133.0 526 1 انگلستان پورٹ آف اسپین 1968ء مارچ14
آسٹریلیا 520 133.4 520 1 جنوبی افریقہ ملبورن 1953ء، فروری 6
انگلستان 519 215.1 519 1 آسٹریلیا ملبورن 1929ء، مارچ 8
جنوبی افریقہ 506 153.0 158 2 آسٹریلیا ملبورن 1910ء، دسمبر31
پاکستان 504 129.5 331 2 انگلستان اوول 2006ء، اگست 17