سوان 200 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے انگلش آف اسپنر

0 1,081

انگلستان کے آف اسپنر گریم سوان ملکی تاریخ کے 14 ویں گیند باز بنے جنہوں نے 200 وکٹیں حاصل کرنے کا سنگ میل عبور کیا ہو۔ بھارت کے خلاف ممبئی میں جاری ٹیسٹ میں اپنے بھارتی ہم منصب ہربھجن سنگھ کی وکٹ کے ساتھ ہی وہ 200 کلب میں داخل ہو گئے لیکن سوان کی نظریں اس سنگ میل سے زیادہ ممبئی میں میچ کی صورتحال پر ہیں جن کا کہنا ہے کہ جاری ٹیسٹ میں فتح کے حوالے سے سوچنے سے قبل بہت کام کیا جانا ابھی باقی ہے۔

گریم سوان کی 200 ویں وکٹ، بھارتی کھلاڑی ہربھجن سنگھ (تصویر: BCCI)
گریم سوان کی 200 ویں وکٹ، بھارتی کھلاڑی ہربھجن سنگھ (تصویر: BCCI)

بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ کے مطابق چار وکٹیں حاصل کرنے والے سوان نے کہا ”میں یہ نہیں کہوں گا کہ ہم میچ میں مضبوط پوزیشن پر ہیں۔ ہم اچھی پوزیشن پر ضرور موجود ہیں لیکن ایسے مرحلے پر نہیں جہاں ہم کہہ سکیں کہ ہم یہ مقابلہ جیتیں گے۔“

سوان اور ساتھی گیندباز مونٹی پنیسر کی عمدہ باؤلنگ کے باعث بھارت 327 رنز تک محدود ہوا اور جواب میں انگلستان نے دو وکٹوں پر 172 رنز بنائے ہیں۔

اس حوالے سے سوان نے کہا کہ ”ہم اب بھی 150 رنز پیچھے ہیں اس لیے ہم ذاتی سنگ میل اور سنچریوں کی بات نہیں کریں گے۔ ہم جانتے ہیں کہ ہمیں زیادہ سے زیادہ رنز کی برتری حاصل کرنی ہے، تاکہ گرفت مضبوط کر کے اس مقابلے کو جیت سکیں۔“

گریم سوان عظیم انگلش آف اسپنر جم لیکر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے انگلستان کے پہلے اسپنر بنے جنہوں نے 200 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ”پانچ سال قبل میں نے سوچا بھی نہ تھا کہ 200 وکٹیں حاصل کروں گا، اس وقت تو کیریئر کے آغاز پر ہی میں ساتویں آسمان پر اڑ رہا تھا۔ اس پورے عرصے کا میں نے بھرپور لطف اٹھایا ہے۔“

اپنی حس مزاح کے باعث مشہور گریم سوان نے اس موقع پر ایک چٹکلا بھی چھوڑا اور کہا کہ اگر چیتشور پجارا نیا راہول ڈریوڈ ہے تو پھر ایلسٹر کک نیا ڈان بریڈ مین ہے۔ انہوں نے سیریز میں اب تک کھیلی گئی تین اننگز میں کپتان کی بلے بازی کو سراہا اور ساتھ میں پجارا کی بہترین بلے بازی پر ان کی بھی تعریف کی۔