جگمگاتی وکٹیں اور ہیلمٹ کیمرے

3 1,049

اگر جدت اختیار کرنے اور متعارف کروانے کی بات کی جائے تو دنیائے کرکٹ میں آسٹریلیا کو سب سے منفرد مقام حاصل ہوگا۔ یہی وہ جگہ جہاں پہلی بار بین الاقوامی کرکٹ رنگین لباس اور سفید گیندوں کے ساتھ اور دن/رات پر محیط مقابلوں کی صورت میں کھیلی گئی اور پھر اس روایت نے دنیا بھر کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔ وہ نت نئے زاویوں سے کیمروں کی تنصیب ہو یا چھت کے حامل اسٹیڈیم میں کرکٹ کھیلنا، آسٹریلیا جدت کے معاملے میں ہمیشہ آگے آگے رہا ہے۔

گیند کے ٹکراتے ہی جگمگا اٹھنے والی ان وکٹوں کو 'زنگ اسٹمپس' کا نام دیا گیا ہے (تصویر: Getty Images)
گیند کے ٹکراتے ہی جگمگا اٹھنے والی ان وکٹوں کو 'زنگ اسٹمپس' کا نام دیا گیا ہے (تصویر: Getty Images)

آسٹریلیا کے طول و عرض میں پھیلے بڑے بڑے میدان اور ان میں موجود ہزاروں تماشائی ویسے ہی کرکٹ کا بہترین ماحول بنا دیتے ہیں لیکن اگر کوئی ایسی جدت بھی موجود ہو تو گویا سونے پہ سہاگہ ہے! اور اس مرتبہ بگ بیش لیگ میں آسٹریلیا کچھ ایسا ہی یعنی بالکل منفرد کرنے جا رہا ہے۔ جمعے کو ملبورن کے تاریخی میدان سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں پہلی بار ایسی اسٹمپ اور بیلز استعمال کی گئیں، جو گیند کے ٹکراتے ہی جگمگا اٹھتی ہیں۔ اس کا پہلا عملی تجربہ آج ملبورن کے چھت والے اسٹیڈیم یعنی ڈوک لینڈز میں شہر کی دونوں ٹیمیں یعنی رینیگیڈز اور اسٹارز کے مابین ہونے والے مقابلے میں دیکھا گیا۔

ان وکٹوں اور اُن پر رکھی گئی بیلز کی خاص بات یہ ہے کہ گیند کے وکٹ کو چھوتے ہی ان کے اندر لگی بتیاں جلنے شروع ہو جاتی ہیں۔ ان وکٹوں کو Zing Stumps کا نام دیا گیا ہے، جو فوکس اسپورٹس اور کرکٹ آسٹریلیا کی مشترکہ کاوش ہیں۔ میدان اور ٹیلی وژن پر دیکھنے والے شائقین کی دلچسپی کے علاوہ ممکن ہے کہ مستقبل میں یہ ٹیکنالوجی امپائروں کو زیادہ درست فیصلے کرنے میں مدد دے۔ خصوصاً رن آؤٹ کے فیصلوں میں یہ ٹیکنالوجی کافی مددگار ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ بسا اوقات ایسا ہوتا ہے کہ تیسرے امپائر کو اندازہ ہی نہیں ہو پاتا کہ گیند نے کس وقت وکٹ کو چھوا ہے ۔ لیکن فی الحال زنگ اسٹمپس کا مقصد صرف شائقین کو محظوظ کرنا ہے اور ابھی اسے امپائروں کے فیصلے میں مددگار بنانے کے لیے کافی تجربات کی ضرورت ہے۔

یہ ننھا ہیلی کاپٹر کیمرہ شائقین کرکٹ کو ان زاویوں سے میچ کے مناظر پیش کرے گا، جو انہوں نے کبھی نہیں دیکھے (تصویر: Fox Sports)
یہ ننھا ہیلی کاپٹر کیمرہ شائقین کرکٹ کو ان زاویوں سے میچ کے مناظر پیش کرے گا، جو انہوں نے کبھی نہیں دیکھے (تصویر: Fox Sports)

ان خوبصورت وکٹوں کے علاوہ رواں سال دیگر کی نت نئی چیزیں بھی بگ بیش لیگ میں متعارف کروائی گئی ہیں جن میں ہوا میں معلق فوکس کاپٹر کیمرہ اور بلے بازوں اور وکٹ کیپرز کے لیے ہیلمٹ کیمرہ بھی شامل ہوں گے، جو شائقین کرکٹ کو ایسے زاویوں سے میچ کے نظارے فراہم کریں گے جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھے ہیں۔

رواں سال کی بگ بیش لیگ 19 جنوری تک جاری رہے گی، جس میں آسٹریلیا کے تمام اہم کھلاڑیوں کے علاوہ دنیا بھر کے نامی گرامی کرکٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں، جن میں پاکستان کے سعید اجمل اور اظہر محمود، نیوزی لینڈ کے ڈینیل ویٹوری، جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین، سری لنکا کے مرلی دھرن اور لاستھ مالنگا شامل ہیں۔