[اعدادوشمار] سوان 2012ء میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بن گئے

0 1,024

کولکتہ میں تاریخی فتح جہاں ایک جانب انگلستان کے لیے جشن و مسرت کے لمحات سبب بنی، وہیں انگریز کھلاڑیوں نے کئی انفرادی سنگ میل بھی عبور کیے۔ کپتان ایلسٹر کک نے 190 رنز کی اننگز کے دوران سب سے کم عمر میں 7 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے اور انگلستان کی جانب سے سب سے زیادہ 23 سنچریاں بنانے کے اعزازات حاصل کیے تو دوسری جانب اسپنر گریم سوان نے سال 2012ء میں سب سے زیادہ وکٹیں سمیٹ لیں۔

سوان نے کولکتہ میں سچن کو آؤٹ کر کے ہیراتھ کو پیچھے چھوڑا (تصویر: BCCI)
سوان نے کولکتہ میں سچن کو آؤٹ کر کے ہیراتھ کو پیچھے چھوڑا (تصویر: BCCI)

بھارت کی دوسری اننگز کے دوران جب گریم سوان نے ’مہان‘ سچن تنڈولکر کو سلپ میں کیچ آؤٹ کروایا تو یہ سال میں ان کی 56 ویں وکٹ تھی اور یوں انہوں نے سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

رواں سال کھیلے گئے 13 ٹیسٹ مقابلوں میں سوان 1690 رنز دے کر 56 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، البتہ ان کا 30.17 کا اوسط اتنا مناسب دکھائی نہیں دیتا۔ رواں سال سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے 10 باؤلرز میں سب سے عمدہ اوسط پاکستان کے سعید اجمل کا ہے جو وکٹوں کی تعداد کے لحاظ سے تو کافی پیچھے ہیں لیکن انہوں نے صرف 20.56 کی اوسط سے 39 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ان کے کھیلے گئے میچز کی تعداد بھی صرف 6 ہے، جو اس فہرست میں سب سے کم ہیں۔

بہرحال، سوان نے سال کی سب سے بہترین کارکردگی اپریل کے مہینے میں سری لنکا کے خلاف کولمبو ٹیسٹ میں دکھائی، جہاں انہوں نے 181 رنز دے کر 10 وکٹیں حاصل کی تھیں اور انگلستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ اب بھارت کے خلاف انہوں نے احمد آباد ٹیسٹ میں 6 اور پھر ممبئی میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔ ممبئی کی کارکردگی اس لیے اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس کی بدولت انگلستان نے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں تاریخی کامیابی سمیٹی۔ کولکتہ میں انہیں محض تین وکٹیں ہی مل سکیں لیکن یہ تین شکار انہیں سال میں سب سے زیادہ وکٹوں تک پہنچنے کے لیے کافی قرار پائے۔

رواں سال سوان نے مزید ایک ٹیسٹ کھیلنا ہے جو 13 دسمبر سے ناگ پور میں شروع ہوگا جبکہ ان کے قریبی ترین حریف رنگانا ہیراتھ 14 دسمبر سے ہوبارٹ میں اور 26 دسمبر سے ملبورن میں آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والے ٹیسٹ مقابلوں میں کارکردگی کے ذریعے سوان کو پیچھے چھوڑنے کی کوشش کریں گے۔

سال 2012ء میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں مندرجہ ذیل باؤلرز شامل ہیں:

نام ملک میچز وکٹیں اوسط بہترین باؤلنگ/میچ اکنامی ریٹ
گریم سوان انگلستان 13 56 30.17 10/181 2.80
رنگانا ہیراتھ سری لنکا 8 55 20.94 12/171 2.55
جیمز اینڈرسن انگلستان 13 44 30.34 6/116 2.49
ویرنن فلینڈر جنوبی افریقہ 9 43 21.11 10/114 2.76
اسٹورٹ براڈ انگلستان 11 40 31.70 11/165 3.03
کیمار روچ ویسٹ انڈیز 7 39 22.25 10/146 3.25
سعید اجمل پاکستان 6 39 20.56 10/97 2.65
ڈیل اسٹین جنوبی افریقہ 10 39 29.71 7/112 3.04
مورنے مورکل جنوبی افریقہ 10 38 30.28 8/196 3.18
بین ہلفناس آسٹریلیا 8 36 21.44 8/97 2.36