پاک-بھارت سیریز، واٹمور پرجوش

0 1,036

پاکستان اور بھارت کے درمیان 5 سال کے طویل عرصے کے بعد رواں ماہ شروع ہونے والی سیریز پر پاکستان کے آسٹریلوی کوچ ڈیو واٹمور بھی بہت زیادہ پرجوش دکھائی دیتے ہیں اور لاہور میں جمعے کو قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے پہلے روز انہوں نے کہا کہ وہ شدت سے اس سیریز کا انتظار کر رہے ہیں اور بھارت کا اسی کی سرزمین پر سامنا کرنے کا چیلنج قبول کرنے کو تیار ہیں۔

دورۂ بھارت کی تیاری کے لیے پاکستان کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہو چکا (تصویر: AFP)
دورۂ بھارت کی تیاری کے لیے پاکستان کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہو چکا (تصویر: AFP)

قذافی اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیو واٹمور نے کہا کہ بھارت بمقابلہ پاکستان، وہ بھی بھارتی سرزمین پر؟یہ ہرگز ایک آسان سیریز نہ ہوگی، لیکن اتنا میں جانتا ہوں کہ شاندار ضرور ہوگی۔

اس تاریخی سیریز کا باضابطہ آغاز 25 دسمبر کو بنگلور میں پہلے ٹی ٹوئنٹی سے ہوگا۔ 2007ء کے اواخر میں دورۂ ہندوستان کے بعد یہ دوطرفہ سیریز میں دونوں ملکوں کا پہلا ٹکراؤ ہوگا۔ گو کہ اس عرصے میں دونوں ممالک مختلف کثیرالقومی ٹورنامنٹس میں حصہ لے چکے ہیں لیکن 2008ء کے ممبئی دہشت گرد حملوں کے بعد سے اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز منعقد نہیں ہوئی تھی۔ بھارت نے 2009ء میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن اسی سال مارچ کے مہینے میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد نہ صرف بھارت نے انکار کر دیا بلکہ پاکستان کے خلاف کسی تیسرے ملک میں بھی کھیلنے پر رضامند نہ ہوا۔ وجہ یہ تھی کہ بھارت ممبئی دہشت گرد حملوں کاالزام پاکستان میں لگا رہا تھا۔ بہرحال، سری لنکن ٹیم پر حملے نے پاکستان میں تو بین الاقوامی کرکٹ کو طویل عرصے کے لیے ختم کر دیا۔

بہرحال، ڈیو واٹمور کا کہنا تھا کہ ”ایسی شاندار سیریز کا حصہ بننا میرے لیے ایک اعزاز ہے، میں آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل کے ٹورنامنٹس میں ایسے مقابلوں میں موجود رہا ہوں، لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ ہم دو یا تین مرتبہ سے زیادہ مقابلوں کی ایک چھوٹی سیریز میں مدمقابل ہوں گے۔ خصوصاً بھارت میں کھیلنا ایک شاندار تجربہ ہوگا، جہاں کے شائقین بھی میدان میں آ کر اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے میں پیش پیش رہتے ہیں۔“

انہوں نے کہا کہ سیریز میں پاکستان کا ’ترپ کا پتہ‘ سعید اجمل ہوں گے۔ ہم کنڈیشنز کے حساب سے اپنے باؤلرز کا انتخاب کریں گے اور سمجھتے ہیں کہ ہمارے پاس کسی بھی کنڈیشنز سے مطابقت رکھنے والے کھلاڑیوں کی موزوں تعداد موجود ہے۔ لیکن سعید اجمل ہمیشہ سے ہمارا اہم کھلاڑی رہا ہے، اور وہ اس سیریز میں بھی حریف کھلاڑیوں کے لیے بدستور خطرہ رہے گا۔

انگلستان کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں بھارت کی جدوجہد کو دیکھنے کے باوجود واٹمور بھارت کے خلاف کسی خوش فہمی کے شکار نہیں ہیں بلکہ ان کا کہنا ہے کہ ”انگلستان اس وقت بہترین کرکٹ کھیل رہا ہے اور صرف ایک ٹیسٹ سیریز کے نتائج کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ بھارت کمزور ہے، ہم سب یہ جانتے ہیں کہ وہ گزشتہ کئی سالوں سے کتنی اچھی ٹیم ہے۔“

کیمپ کے پہلے دن دورۂ بھارت کے لیے منتخب ہونے والے 22 میں سے 15 کھلاڑیوں نے مختلف تربیتی سیشنز میں شرکت کی۔ شاہد آفریدی، یونس خان، محمد حفیظ، مصباح الحق اور انور علی پہلے روز مختلف وجوہات کی بنیاد پر غیر حاضر رہے۔