دورۂ جنوبی افریقہ پر ٹیم کے ساتھ جائیں: پی سی بی کا انضمام سے مطالبہ

1 1,058

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان انضمام الحق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اگلے ماہ بحیثیت کنسلٹنٹ ٹیم کے ساتھ دورۂ جنوبی افریقہ پر جائیں۔

انضمام الحق اس وقت دورۂ بھارت کے لیے تربیتی کیمپ میں بطور کنسلٹنٹ ٹیم کے ساتھ ہیں (تصویر: PCB)
انضمام الحق اس وقت دورۂ بھارت کے لیے تربیتی کیمپ میں بطور کنسلٹنٹ ٹیم کے ساتھ ہیں (تصویر: PCB)

بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے 'پریس ٹرسٹ آف انڈیا' کے مطابق ایک پاکستانی بورڈ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ چیئرمین ذکا اشرف نے انضمام الحق سے ٹیم کے ساتھ بھارت اور جنوبی افریقہ کے دورے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انضمام نے ایک ٹیلی وژن چینل کے ساتھ معاہدے کے باعث بھارت کے دورے سے تو معذرت کر لی لیکن جنوبی افریقہ کے حوالے سے کہا کہ وہ اپنی دستیابی سے آگاہ کریں گے۔

انضمام الحق پاک-بھارت سیریز کے دوران پاکستان کے ایک نجی ٹیلی وژن چینل پر ماہر کی حیثیت سے تبصرے کریں گے، اس لیے وہ قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ بھارت نہیں جا پائیں گے۔

ریکارڈ 120 ٹیسٹ اور 378 ایک روزہ مقابلے کھیلنے والے انضمام الحق دورۂ بھارت سے قبل لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کے جاری تربیتی کیمپ کا حصہ ہیں جہاں وہ بلے بازوں کو تربیت دے رہے ہیں۔

پاکستان اس وقت بیٹنگ کوچ کی تلاش میں ہے، اور بھارت کے اہم دورے سے قبل انضمام کو طلب کر کے اس کمی کو پورا کر رہا ہے۔ عین ممکن ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بھارت اور جنوبی افریقہ میں بلے بازوں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انضمام الحق کو مستقل بنیادوں پر قومی کرکٹ ٹیم کا کوچ بنا دے۔

بھارت میں دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ مقابلے کھیلنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم جنوری میں تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ روانہ ہوگی۔