سری لنکا کا پیٹر سڈل پر بال ٹمپرنگ کا الزام، کوئی ثبوت نہیں ملا: میچ ریفری

0 1,027

سری لنکا نے آسٹریلیا کے گیندباز پیٹر سڈل پر گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے الزامات لگائے ہیں جبکہ میچ ریفری کا کہنا ہے کہ انہیں گیند پر ایسے کوئی ثبوت نہیں ملے۔

ہوبارٹ میں کھیلے گئے پہلے سری لنکا-آسٹریلیا ٹیسٹ کے دوران اتوار کو سری لنکا نے وڈیو فوٹیج میں پیٹر سڈل کی کچھ ایسی حرکت دیکھی، جو انہیں مشکوک گزری اور انہوں نے اس کی شکایت میچ ریفری کرس براڈ سے کی، گو کہ اس کے لیے باضابطہ طریقہ اختیار نہیں کیا گیا۔

وڈیو کا وہ حصہ جس میں سڈل گیند کی سلائی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے دکھائی دے رہے ہیں
وڈیو کا وہ حصہ جس میں سڈل گیند کی سلائی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے دکھائی دے رہے ہیں

سری لنکا کے ٹیم مینیجر چیرتھ سینانائیکے کا کہنا ہے کہ ”ہم نے جو ٹی وی پر دیکھا، بلکہ سب نے دیکھا، اس بارے میں ہم نے میچ ریفری سے بات کی ہے، ہمارا صرف سوال یہ ہے کہ وڈیو میں جو حرکت نظر آئی، وہ کیا تھی؟“ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ صرف ایک بار نہیں کی گئی بلکہ سری لنکاکی پہلی اننگز میں ایک وکٹ گرنے کے بعد بھی ایسی حرکت دیکھی گئی۔

اتوار کے روز سری لنکا کی اننگز کے 88 ویں اوورمیں پیٹر سڈل اپنے بائیں ہاتھ کی انگلی سے بال کی سلائی اکھیڑتے دکھائی دیے۔ جبکہ جس واقعے کے بارے میں سینانائیکے کا کہنا ہے کہ وہ اننگز کے ابتدائی مرحلے میں پیش آیا وہ 10 ویں اوور میں اوپنر دیموتھ کرونارتنے کےآؤٹ ہونے کے بعد پیش آیا۔

بہرحال، آئی سی سی میچ ریفری کرس براڈ کا اس معاملے پر کہنا ہے کہ گو کہ سری لنکا نےباضابطہ شکایت درج نہیں کی، لیکن وہ اخبارات میں سامنے آنے والے معاملے پر ردعمل ظاہر کرنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے گیند کی حالت میں ایسی کوئی تبدیلی نہیں دیکھی، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ٹمپرنگ کی گئی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیان، جس کی ایک نقل کرک نامہ کو بھی موصول ہوئی ہے، کے مطابق کرس براڈ کا کہنا ہے کہ ”امپائر کھیل کے دوران بار بار گیند کی جانچ پڑتال کرتے رہتے ہیں، اور اتوار کو وڈیو فوٹیج سامنے آنے کے بعد بھی ایسا کیا تھا اور انہیں ایسی کوئی شہادت نہیں ملی کہ گیند کی حالت کو تبدیل کیا گیا ہو۔“

انہوں نے کہا کہ اتوار کو چائے کے وقفے کے دوران میں نے اس سلسلے میں آسٹریلیا کے کوچ مکی آرتھر سے بات کی اور بتایا کہ امپائر وقتاً فوقتاً گیند کی پڑتال کرتے رہیں گے اور کھلاڑیوں پر نظر بھی رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آسٹریلیا کے کوچ کے ساتھ ہونے والی گفتگو سری لنکا کی ٹیم انتظامیہ کو بھی بتائی۔" یوں امپائروں کی رائے میں بال کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پیٹر سڈل کی 5 وکٹوں کی بدولت ہوبارٹ میں پہلی اننگز میں 114 رنز کی برتری حاصل کی اور بعد ازاں 4 وکٹوں کی بدولت آخری روز مقابلہ 137 رنز سے جیت لیا۔ یوں سڈل نے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔