کاؤنٹی سیزن 2013ء: سعید اجمل ہمپشائر کی نمائندگی کریں گے

0 1,053

سعید اجمل ہر طرز کی کرکٹ میں دنیا کے سرفہرست اسپنرز میں شمار ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ معاملہ بین الاقوامی کرکٹ کا ہو تو وہ سلیکٹرز کی اولین پسند ہوتے ہیں اور اگر لیگ یا کاؤنٹی کرکٹ کا سلسلہ ہو تو بھی ہر ٹیم کی خواہش ہوتی ہے کہ ’دوسرا‘ کا ماہر ان کی نمائندگی کرے۔ اب آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی لیگز کے بعد برطانیہ میں سعید اجمل کا قرعہ فال ہمپشائر کے نام نکلاہےجس نے 2013ء کاؤنٹی سیزن کے آخری مرحلے کے لیے اسپنر سے معاہدہ کر لیا ہے۔

سعید اجمل 2011ء میں واروکشائر کی جانب سے کاؤنٹی سیزن کھیل چکے ہیں (تصویر: AFP)
سعید اجمل 2011ء میں واروکشائر کی جانب سے کاؤنٹی سیزن کھیل چکے ہیں (تصویر: AFP)

سعید اجمل اگست اور ستمبر کے اُن ایام میں برطانیہ پہنچیں گے، جب ٹیم کے دوسرے اہم غیر ملکی کھلاڑی آسٹریلیا کے ٹی ٹوئنٹی کپتان جارج بیلے اور (ممکنہ طور پر) انگلش اسپنر ڈینی برگس آسٹریلیا-انگلستان بین الاقوامی سیریز میں مصروف ہوں گے۔

حال ہی میں آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی نمائندگی کرنے والے سعید 2011ء میں واروکشائر کی جانب سے مختصر کاؤنٹی سیزن کھیل چکے ہیں جس میں وہ 15 مقابلوں میں 44 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

ہمپشائر کے مینیجر جائلز وائٹ نے کہا کہ جارج اور برگس کی ممکنہ مصروفیت کے باعث اگست اور ستمبر میں سعیداجمل کی دستیابی ہمپشائر کےلیے ایک زبردست موقع ہوگی۔ وہ تمام طرز کی کرکٹ میں دنیا کے بہترین باؤلرز میں شمار ہوتے ہیں اور بلاشبہ ٹیم میں ایک شاندار اضافہ ہوں گے۔

ہمپشائر کاؤنٹی چیمپئن شپ ڈویژن ٹو میں کھیل رہی ہے اور گزشتہ سال ڈویژن ون میں ترقی پاتے پاتے رہ گئی لیکن سعید اجمل کی شمولیت اور ویسٹ اینڈ کا اسپنرز کے لیے سازگار میدان ممکنہ طور پر ہمپشائر کو اس سال یہ ہدف حاصل کرنے میں مدد دے گا۔