آئی پی ایل کی خاطر ویسٹ انڈیز-سری لنکا ٹیسٹ سیریز موخر

0 1,045

نتائج اور سنسنی خیز مقابلوں کے اعتبار سے ٹیسٹ کرکٹ ہر سال اک نئے عہد میں داخل ہوتی دکھائی دے رہی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ محدود طرز کی کرکٹ کے مقابلے میں اس سے کم مالی مفادات وابستہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بیشتر کرکٹ ٹیمیں اب کرکٹ کی اعلیٰ ترین قسم کو بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی حتیٰ کہ لیگ کرکٹ پر بھی قربان کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ جس ایک عمدہ مثال اگلے سال انڈین پریمیئر لیگ کے موقع پر دیکھنے میں آئے گی جب ویسٹ انڈیز، بھارت اور سری لنکا محض اس لیے ایک سہ فریقی ٹورنامنٹ کھیلیں گے تاکہ آئی پی ایل 2013ء کے لیے تینوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ویسٹ انڈیز-سری لنکا ٹیسٹ سیریز غیر معینہ مدت کے لیے مؤخر لیکن دونوں ٹیمیں بھارت کے ساتھ مل کر ایک سہ فریقی ٹورنامنٹ ضرور کھیلیں گی
ویسٹ انڈیز-سری لنکا ٹیسٹ سیریز غیر معینہ مدت کے لیے مؤخر لیکن دونوں ٹیمیں بھارت کے ساتھ مل کر ایک سہ فریقی ٹورنامنٹ ضرور کھیلیں گی

حقیقت یہ ہے کہ ویسٹ انڈیز نے دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے سری لنکا کی میزبانی کرنا تھی اور یہ دورہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے فیوچر ٹورز پروگرام (ایف ٹی پی) کے تحت طے شدہ تھا، لیکن آئی پی ایل کی خاطر ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کا تو خاتمہ ہی کر دیا گیا جبکہ ٹیسٹ میچز کو کسی اور وقت کے ٹال دیا گیا اور ون ڈے سیریز کی جگہ ایک مختصر سا سہ فریقی ٹورنامنٹ رکھ لیا گیا جو 28 جون سے 11 جولائی 2013ء تک جمیکا اور ٹرینیڈاڈ میں کھیلا جائے گا۔

اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر سات مقابلے کھیلے جائیں گے، اور فائنل سے قبل تمام ٹیمیں دو، دو مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

انڈین پریمیئر لیگ کا چھٹا سیزن اگلے سال 3 اپریل سے 26 مئی تک کھیلا جائے گا۔