طبل جنگ بچ چکا، پاکستان کے خلاف بھارتی دستوں کا اعلان

0 1,024

طبل جنگ بجنے لگا ہے اور بنگلور کے میدان میں پہلے معرکے کے لیے پاک و ہند اپنے اپنے شہ سواروں کو اکٹھے کرنے لگے ہیں۔ پاکستان کے سپاہی میدان میں پہنچ چکے ہیں جبکہ بھارت نے آج ان 15 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان بھی کر دیا ہے جو چناسوامی اسٹیڈیم میں پہلے مقابلے کے علاوہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی اور بقیہ 3 ایک روزہ مقابلوں میں روایتی حریف کا سامنا کریں گے۔

سچن کی ریٹائرمنٹ وریندر سہواگ کو بچا گئی، ویرو کی ایک روزہ ٹیم میں واپسی (تصویر: AP)
سچن کی ریٹائرمنٹ وریندر سہواگ کو بچا گئی، ویرو کی ایک روزہ ٹیم میں واپسی (تصویر: AP)

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی سلیکشن کمیٹی نے سخت تنقید کے باوجود مہندر سنگھ دھونی اہم سیریز کے لیے کپتان برقرار رکھا ہے جبکہ یووراج سنگھ کو طویل عرصے کے بعد ایک روزہ دستے میں واپس شامل کیا گیا ہے۔ سرطان کے موذی مرض کو شکست دینے کے بعد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2012ء سے مختصر ترین طرز میں واپس آنے والے 'یووی' کو عالمی کپ 2011ء کی فیصلہ کن کارکردگی کے بعد پہلی بار ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ مذکورہ ٹورنامنٹ میں سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے اور بھارت کو عالمی چیمپئن بنوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ اس کے علاوہ گزشتہ روز مکمل ہونے والی بھارت-انگلستان ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی انہیں بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔

ٹیم کے اعلان سے قبل عظیم بھارتی بلے باز سچن تنڈولکر نے ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور شاید یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز کے دباؤ کو جھیلنے کے لیے جو تجربہ درکار ہے اس کی خاطر وریندر سہواگ کو منتخب کیا گیا ہے۔ البتہ ناقص کارکردگی ظہیر خان کے اخراج اور ایشانت شرما کی واپسی کا سبب بنی ہے۔

علاوہ ازيں دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے لیے بھارت نے اسی ٹیم کو برقرار رکھا ہے جس نے انگلستان کے خلاف حالیہ دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔

پاک-بھارت سیریز کا باضابطہ آغاز 25 دسمبر کو بنگلور میں پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے سے ہو رہا ہے جبکہ آخری ایک روزہ 6 جنوری کو دہلی میں ہوگا۔

ایک روزہ دستہ:

مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، وریندر سہواگ، گوتم گمبھیر، ویراٹ کوہلی، یووراج سنگھ، روہیت شرما، سریش رینا، رویندر جدیجا، روی چندر آشون، ایشانت شرما، اجنکیا راہانے، اشوک ڈنڈا، بھوبنیشور کمار، شامی احمد اورامیت مشرا۔

ٹی ٹوئنٹی دستہ:

مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، گوتم گمبھیر، اجنکیا راہانے، یووراج سنگھ، روہیت شرما، سریش رینا، ویراٹ کوہلی، رویندر جدیجا، روی چندر آشون، اشوک ڈنڈا، ایشانت شرما، بھوبنیشور کمار، پرویندر اوانا، پیوش چاؤلہ اور امباتی ریوڈو۔