بھارتی بورڈ کی ہٹ دھرمی برقرار، خبر رساں اداروں کا بائیکاٹ جاری رہے گا

0 1,001

بین الاقوامی خبر رساں اداروں اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے درمیان معاملات بدستور حل نہیں ہو پائے اور یوں کوئی بین الاقوامی ادارہ پاک-بھارت سیریز کو کوریج نہیں دے گا۔

بی سی سی آئی کی وجہ سے بھارت-انگلستان سیریز کے تاریخی لمحات جامع تصویری کوریج حاصل نہ کر پائے (تصویر: BCCI)
بی سی سی آئی کی وجہ سے بھارت-انگلستان سیریز کے تاریخی لمحات جامع تصویری کوریج حاصل نہ کر پائے (تصویر: BCCI)

یہ تنازع گزشتہ ماہ بھارت-انگلستان ٹیسٹ سیریز کے آغاز پر پیدا ہوا جب بھارتی بورڈ نے چند مخصوص اداروں کو سیریز کی تصاویر لینے سے روکا، جسپر احتجاجاً تمام اداروں نے سیریز کا بائیکاٹ کیا اور مقابلوں کی تمام تصویریں بھارتی کرکٹ بورڈ نے خود جاری و تقسیم کیں۔

بھارتی بورڈ نے تصاویر لینے والے دو معروف اداروں گیٹی امیجز اور ایکشن امیجز اور دو بھارتی اداروں کو اس سیریز کی تصاویر لینے کی اجازت دینے سے انکارکر دیا تھا جس کا نتیجہ اب تحریری و تصویری دونوں صورتوں سے سیریز کے مقاطعے کی صورت میں نکلا ہے۔

معاملہ دراصل مالی ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ، جو خود اس وقت دنیا کا امیر ترین کرکٹ بورڈ ہے، تصاویر کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی خود حاصل کرنا چاہتا ہے اور یہی معاملہ نزع کی صورت کی اختیار کر گیا ہے۔

اس کی وجہ سے دنیا کے سب سے بڑے خبر رساں ادارے اے ایف پی، تھامسن رائٹرز اور ایسوسی ایٹڈ پریس بھی اس سیریز کو کوریج نہیں دیں گے۔