بھارت کے پاس عالمی نمبر ایک بننے کا موقع

0 1,013

پاکستان اور بھارت کے درمیان تاریخی سیریز کا ٹی ٹوئنٹی مرحلہ اپنے اختتام کو پہنچا، اور دونوں ٹیمیں ایک، ایک مقابلہ جیتنے کے بعد کسی حد تک مطمئن ہو کر اگلے محاذ کی تیاریوں میں مشغول ہو گئی ہیں یعنی ایک روزہ مقابلوں کے لیے، جن کا آغاز 30 دسمبر کو چنئی میں پہلے ون ڈے سے ہو رہا ہے۔

بھارت پاکستان کے خاف پہلا ون ڈے جیت کر ایک روزہ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ سکتا ہے (تصویر: BCCI)
بھارت پاکستان کے خاف پہلا ون ڈے جیت کر ایک روزہ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ سکتا ہے (تصویر: BCCI)

ٹی ٹوئنٹی سیریز برابر ہو جانے کے بعد اب ایک روزہ مقابلوں میں دونوں ٹیموں کے زورِ بازو کا اصل امتحان ہوگا اور بھارت کو تو اس سے بھی شاندار موقع میسر ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف سیریز جیت کر عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک ٹیم بن جائے، اور وہ بھی تاریخ میں پہلی بار!

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق بھارت چنئی میں ہونے والا پہلا ون ڈے جیت کر تاریخ میں پہلی بار ایک روزہ عالمی درجہ بندی میں نمبر ون ٹیم بن سکتا ہے۔ اس وقت عالمی نمبر ایک انگلستان اور نمبر دو جنوبی افریقہ کو بھارت پر محض ایک پوائنٹ کی برتری حاصل ہے اور بھارت یہ برتری پہلا ون ڈے جیت کر ختم کر سکتا ہے اور اگر وہ تینوں مقابلوں میں پاکستان کو ہرا دے تو اسے دونوں ٹیموں پر واضح برتری حاصل ہو جائے گی۔ اس وقت انگلستان اور جنوبی افریقہ کے پوائنٹس کی تعداد 121، 121 ہے جبکہ بھارت کے پوائنٹس 120 ہیں۔

دوسری جانب پاکستان، جو اس وقت چھٹے نمبر پر ہے، بھارت کو تینوں میچز میں شکست دے کر پانچویں نمبر پر آ سکتا ہے۔ کلین سویپ کے نتیجے میں اسے 6 ریٹنگ پوائنٹس ملیں گے جو اس کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد کو 110 کر دیں گے۔

30 دسمبر کو چنئی کے بعد دونوں ٹیمیں 3 جنوری کو کولکتہ اور 6 جنوری کو دہلی میں آمنے سامنے آئیں گی۔

ایک روزہ کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی کرک نامہ کے خصوصی صفحے پر ملاحظہ کیجیے۔