لٹل ماسٹر سچن تنڈولکر کی پہلی ٹیسٹ سنچری

1 1,138

بین الاقوامی کرکٹ کیریئر میں 100 سنچریاں بنانے والے واحد بلے باز سچن تنڈولکر نے اپنی پہلی سنچری انگلستان کے خلاف اولڈ ٹریفرڈ، مانچسٹر کے مقام پر میں بنائی تھی۔ 9 تا 14 اگست 1990ء تک جاری رہنے والے ٹیسٹ میچ میں 17 سالہ سچن نے بھارت کو انتہائی مشکل صورتحال سے نکالا اور ناقابل شکست 119 رنز بھارت کو شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

دوسری اننگز میں انگلستان کی جانب سے دیئے گئے 408 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھارت کے 6 بلے باز صرف 183 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے تو ایسے وقت میں سچن اور منوج پربھاکر کے درمیان 160 رنز کی رفاقت قائم ہوئی۔ منوج نے بھی ناقابل شکست نصف سنچری بنائی تھی۔

مذکورہ ٹیسٹ میچ میں سنچریاں بنانے والے دیگر بلے بازوں میں انگلستان کے کپتان گراہم کوچ، اوپنر مائیک ایتھرٹن، رابن اسمتھ اور ایلن لیمب اور بھارتی کپتان محمد اظہر الدین بھی شامل تھے تاہم سچن کی "میچ بچاؤ" سنچری انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دلا گئی۔ یہ وہی میچ تھا جس میں بھارتی اسپنر انیل کمبلے نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔