گیارہواں کھلاڑی، دے گا آپ کے ہر سوال کا جواب

9 1,000

کرکٹ اعدادوشمار کا کھیل ہے۔ پھینکی اور کھیلی جانے والی ہر گيند کے ساتھ نت نئے ریکارڈز بنتے اور ٹوٹتے ہیں اور اعدادوشمار میں نئی نئی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔ اس کھیل کے بیشتر ریکارڈز توایسے ہیں جو زبان زدِ عام ہیں، جیسا کہ سر ڈان بریڈمین کا 99.94 کا اوسط، یا پھر سچن تنڈولکر کی بین الاقوامی کیریئر میں 100 سنچریاں، یا پھر حنیف محمد کی چوتھی اننگز میں بنائی گئی تاریخ کی واحد ٹرپل سنچری۔ لیکن ان مقبول عام ریکارڈز کے علاوہ بھی کرکٹ ان گنت اعدادوشمار سے بھری پڑی ہیں۔ انہی ریکارڈز، اعدادوشمار، اور واقعات پر بھی، شفقت ندیم کی گہری نظر ہے، جس کا ایک اندازہ آپ کو ٹوئٹر پر ان کی سرگرمیوں سے ہی ہو جائے گا، جہاں وہ کرکٹ کے حوالے سے ایک منفرد و معتبر مقام رکھتے ہیں۔

رکی پونٹنگ (تصویر: AFP)

شفقت ندیم سالِ گزشتہ میں 'گیارہواں کھلاڑی' کے نام سے کرک نامہ پر مختلف تحاریر بھی لکھ چکے ہیں، لیکن چند ناگزیر وجوہات کی بناء پر اس سلسلے کو مسلسل جاری نہ رکھ پائے، لیکن اب وہ نئے سال میں ایک نیا سلسلہ شروع کرنا چاہتے ہیں یعنی کرک نامہ کے قارئین کے سوالات کے جواب دینا۔ اگر آپ کے ذہن میں کرکٹ کے حوالے سے کوئی سوال ہے تو ہمارا رابطے کا صفحہ استعمال کریں اور اپنا سوال انتظامیہ کو لکھ بھیجیں۔ ہر سوموار یعنی پیر کو شفقت ندیم آپ کے سوالات کے جواب دیں گے۔

یہ ایک ہفتہ وار سلسلہ ہوگا یعنی ہفتے بھر کے جمع ہونے والے سوالات کے جواب پیر کو شایع ہوں گے۔

ہم امید کرتے ہیں کہ کرک نامہ کے اس نئے سلسلے کو قارئین کی جانب سے کافی پذیرائی ملے گی۔