وارن-سیموئلز تنازع سے کیٹچ کی اسپورٹس مین اسپرٹ تک

2 1,086

بگ بیش لیگ میں گزشتہ ہفتے شین وارن اور مارلون سیموئلز کے درمیان ہنگامے نے جہاں بدمزگی پیدا کی وہیں جمعرات کو ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز اور پرتھ اسکارچرز کے درمیان مقابلے میں ایک واقعے نے شائقین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا۔

190 رنز کے بھاری ہدف کے تعاقب میں جب ایڈیلیڈ اسٹرائیکرزکے 50 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے تو ان کے بلے باز کین رچرڈسن پچھلے قدموں پر کھیلتے ہوئے اپنا پیر وکٹوں پر لگا بیٹھے۔ گو کہ بگ بیش لیگ میں جگمگاتی وکٹیں نصب ہیں، یعنی گیند یا کوئی بھی چیز وکٹ کو چھوئے گی تو وہ جل اٹھیں گی، لیکن اس کے باوجود حیران کن طور پر پرتھ کے کسی کھلاڑی نے کین کے خلاف اپیل نہیں کی۔ جب ری پلے دیکھا گیا تو واضح تھا کہ ان کا بایاں پیر شاٹ کھیلتے ہوئے لیگ اسٹمپ کو لگا ہے جس کے نتیجے میں بیلز بھی گری ہیں۔

فیلڈ امپائرز نے تیسرے امپائر سے مشورے کے بعد کین کو آؤٹ قرار دیا اور وہ میدان سے باہر جانے لگے لیکن پرتھ کے کپتان سائمن کیٹچ نے انہیں واپس بلا لیا۔ اس کی وجہ غالباً یہی تھی کہ پرتھ کے کسی کھلاڑی نے اُن کے آؤٹ پر اپیل نہیں کی تھی، بصورت دیگر وہ بھی انہیں واپس نہ بلا پاتے۔ بہرحال، اس انوکھے واقعے کی وڈیو دیکھئے اور لطف اندوز ہوئیے۔