کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے، سری لنکا کی پہلی جیت

1 1,022

دورۂ آسٹریلیا میں سری لنکا کے لیے سکھ کا پہلا سانس، مسرت کا پہلا لمحہ، جب ایڈیلیڈ اوول میں اس کے سیمرز کی عمدہ باؤلنگ اور بعد ازاں لاہیرو تھریمانے کی سنچری نے اسے پہلی بار جیت کا مزا چکھایا۔

تھریمانے کی کیریئر کی پہلی سنچری سری لنکا کو حوصلہ افزاء جیت سے ہمکنار کر گئی (تصویر: Getty Images)
تھریمانے کی کیریئر کی پہلی سنچری سری لنکا کو حوصلہ افزاء جیت سے ہمکنار کر گئی (تصویر: Getty Images)

ایڈیلیڈ اوول میں صورتحال اور پچ کو دیکھتے ہوئے سری لنکا نے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور پھر آسٹریلیا کو ایک لمحے کے لیے چین نہ لینے دیا۔ وہ تو بھلا ہو بریڈ ہیڈن کی نصف سنچری کا ورنہ آسٹریلیا تو 83 رنز پر اپنی 6 وکٹیں گنوا چکا تھا۔ سری لنکن باؤلرز نے بارش کے باعث بدلتے موسم کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ کپتان مہیلا جے وردھنے کا یہ فیصلہ بھی بہت موزوں تھا کہ انہوں نے سوئنگ کے لیے مددگار کنڈیشنز کے باعث لاستھ مالنگا کو ابتداء میں نہیں آزمایا بلکہ نیا گیند نووان کولاسیکرا اور اینجلو میتھیوز کو تھمایا جنہوں نے اوپنرز آرون فنچ اور گزشتہ میچ کے ہیرو فلپ ہیوز کو ٹھکانے لگا کر آسٹریلیا کوبتا دیا کہ یہ ملبورن نہیں ایڈیلیڈ ہے۔

ابتدائی اوورز تو آسٹریلیا نے جدوجہد کر کے گزار لیے لیکن کپتان جارج بیلی، اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ ہسی اور گلین میکس ویل کا پے در پے نکل جانا اس کے لیے کاری ضرب ثابت ہوا۔ جارج بیلی مالنگا کو پل کرنے کی کوشش میں مڈوکٹ پر تھریمانے کے ایک خوبصورت کیچ کی زد میں آ گئے۔ کچھ ہی دیر بعد گزشتہ میچ میں چھکے چھڑا دینے والے ڈیوڈ ہسی رن آؤٹ ہو گئے۔ تلکارتنے دلشان کی خوبصورت و براہ راست تھرو محض 29 رنز پر ان کی اننگز تمام کر گئی۔ درحقیقت 82 رنز پر 5 وکٹیں گر جانا ہی آسٹریلیا کے ٹھیک ٹھاک دھچکا تھا لیکن اگلے اوور کے آغاز کے ساتھ ہی میتھیوز کی خوبصورت گیند نے آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ بھی گرا کر تہلکہ مچا دیا۔ ایسا لگتا تھا کہ آسٹریلیا تہرے ہندسے تک بمشکل پہنچ پائے گا۔ لیکن اس موقع پر بریڈ ہیڈن اور بین کٹنگ نے 57 رنز جوڑ کر انہیں اس ہزیمت سے بچایا۔ کٹنگ 45 گیندوں پر 27 رنز بنانے کے بعد مالنگا کا دوسرا شکار بنے، جنہوں نے اگلی ہی گیند پر کین رچرڈسن کی صورت میں ایک اور وکٹ بھی حاصل کی۔

آخری وکٹ پر آسٹریلیا نے 26 رنز کا اضافہ کیا اور مجموعے کو 170 تک پہنچایا۔ بریڈ ہیڈن 67 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنا کر گرنے والی آخری وکٹ بنے۔

سری لنکا کی جانب سے مالنگا نے 32 رنز دے کر سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو، دو وکٹیں اینجلو میتھیوز اور تھیسارا پیریرا کو ملیں جبکہ کولاسیکرا اور اجنتھا مینڈس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ کولاسیکرا نے 9 اور میتھیوز نے اپنے 10 اوورز میں محض 24، 24 رنزدیے۔

ایک آسان ہدف کا تعاقب سری لنکا کو اعتماد کے ساتھ کرنا چاہیے تھا لیکن پہلے ہی اوور میں اوپل تھارنگا کی وکٹ نے کھلبلی ضرور مچا دی۔ جب اسکور بورڈ پر صفر ہی جگمگا رہا تھا تو تھارنگا کلنٹ میک کے کی گیند کو وکٹوں کے پیچھے دے بیٹھے۔ لیکن دلشان اور تھریمانے نے آسٹریلیا کو مزید خوش نہ ہونے دیا اور دونوں کے درمیان دوسری وکٹ پر 137 رنز کی کلیدی ساجھے داری قائم ہوئی۔ دلشان نے 88 گیندوں پر 51 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تو دوسرے اینڈ سے لاہیرو تھریمانے کا کردار کلیدی رہا۔ انہوں نے 134 گیندوں پر ناقابل شکست 102 رنز بنائے اور 41 ویں اوور کی پہلی گیند کو پوائنٹ کی جانب چوکے کی راہ دکھا کر اپنی سنچری بھی مکمل کی اور سری لنکا کو فتح سے بھی ہمکنار کیا۔ یہ ان کے ایک روزہ کیریئر کی پہلی سنچری تھی جس کی بدولت سری لنکا نے محض دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف کو جا لیا اور سیریز برابر کر ڈالی۔

سیریز کا تیسرا ایک روزہ مقابلہ 18 جنوری کو برسبین میں کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں سیریز میں برتری حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔