زخمی ملز اور ویٹوری سری لنکا کے خلاف اہم میچ نہیں کھیلیں گے

0 1,037

عالمی کپ 2011ء میں اب تک محض ایک شکست کا سامنا کرنے والا نیوزی لینڈ سری لنکا کے خلاف اہم ترین میچ سے قبل زبردست مشکلات میں گھر گیا ہے کیونکہ ان کے کپتان ڈینیل ویٹوری اور اہم کھلاڑی کائل ملز زخمی ہونے کے باعث میچ نہیں کھیل پائیں گے۔

ساتھی کھلاڑی زخمی ہونے کے بعد ڈینیل ویٹوری کو سہارا دے کر اٹھا رہے ہیں (اے ایف پی)

سری لنکا کے خلاف جمعہ کو ہونے والے اس میچ میں فتح انہیں گروپ 'اے' میں اولین دو پوزیشن پر پہنچا سکتی ہے لیکن اس کے باوجود نیوزی لینڈ خطرہ مول نہیں لینا چاہتا اور گھٹنے کی انجری کے شکار ویٹوری اور پٹھے کھنچ جانے کے باعث ملز کو استعمال نہیں کرے گا۔ کیونکہ وہ ان دونوں اہم کھلاڑیوں کو ناک آؤٹ مرحلے کے لیے محفوظ رکھنا چاہتا ہے۔

ڈینیل ویٹوری پاکستان کے خلاف میچ کے دوران ایک کیچ لینے کی کوشش میں اپنا گھٹنا زخمی کر بیٹھے تھے اور میچ میں مزید شرکت نہیں کر پائے جبکہ کائل ملز کینیڈا کے خلاف میچ کے دوران بائیں ران کا پٹھا کھنچ جانے کے باعث باؤلنگ جاری نہ رکھ پائے اور میدان بدر ہو گئے۔

سری لنکا اور نیوزی لینڈ کا میچ 18 مارچ بروز جمعہ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ہوگا جہاں عالمی کپ 2011ء کا فائنل بھی کھیلا جائے گا۔