’کوئی ڈر نہیں‘ کوارٹر فائنل میں بھارت کا سامنا کرنے کی خواہش ہے، آفریدی

2 1,033

پاکستان کے کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ وہ عالمی کپ کا کوارٹر فائنل بھارت میں کھیلنے سے ہرگز نہيں گھبراتے بلکہ انہوں نے اصرار کیا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہتے ہیں کیونکہ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ پڑوسی ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

شاہد آفریدی (فائل فوٹو)

شاہد آفریدی نے ذرائع ابلاغ میں آنے والی ان رپورٹس کو، جن میں کہا جا رہا ہے کہ پاکستان اپنا کوارٹر فائنل مقابلہ بھارت میں کھیلنے سے گریز کر رہا ہے، بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ وہ بھارت نہیں جانا چاہتےبلکہ ہم یہاں عالمی کپ کھیلنے آئے ہیں اس لیے ہمیں جہاں بھی کھیلنا ہوگا ہم جائیں گے۔

احمد آباد کے سردار پٹیل اسٹیڈیم میں عالمی کپ کا وہ واحد کوارٹر فائنل ہوگا جو بھارت میں کھیلا جائے گا۔ دیگر کوارٹر فائنل میچز سری لنکا اور بنگلہ دیش میں ہوں گے۔ اس بات کے امکانات اب بھی موجود ہیں کہ پاکستان اور بھارت کوارٹر فائنل ہی میں مد مقابل آ جائیں اور یہ مقابلہ احمد آباد میں ہو۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ میرے خیال میں کرکٹ دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا اہم سبب ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اور ٹیم کے تمام کھلاڑی بھارت میں کرکٹ کھیلنے سے بھرپور لطف اندوز ہوتے ہیں بلکہ میں تو بھارت سے زیادہ کسی اور ملک میں کرکٹ کھیلنے سے اتنا زیادہ لطف نہیں اٹھاتا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح کی کرکٹ ہم کھیل رہے ہیں اس میں ہمیں کسی مقام اور کسی ٹیم کا خوف نہیں ہے، اسی طرح بھارت کا سامنا بھارت میں کرنے اور آخری گروپ میچ میں آسٹریلیا کا سامنا کرنے کا بھی کوئی ڈر نہیں۔

1999ء میں ہندو عسکریت پسندوں کی جانب سے پچ کھودنے کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے بدترین صورتحال میں بھی بھارت میں کرکٹ کھیلی ہے۔