ویسٹ انڈیز کے خلاف اہم میچ سے قبل انگلستان پریشان، اہم کھلاڑی بیمار

0 1,061

انگلستان عالمی کپ میں اپنا اہم ترین میچ میں 17 مارچ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا کیونکہ اس میچ میں فتح عالمی کپ میں اس کی امیدوں کوبرقرار رکھے گی اور شکست اس کی واپسی کا پروانہ ہوگی۔ لیکن اس اہم میچ سے قبل ہی اس کے تین اہم ترین کھلاڑی مسائل کا شکارہیں۔

انگلستان اہم میچ سے قبل پریشانی کا شکار

کپتان اینڈریو اسٹراس، اہم ترین اسپنر گریم سوان اور گزشتہ میچز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے اجمل شہزاد مختلف مسائل کا شکار ہیں۔ منگل کو اسٹراس اور سوان تربیتی سیشن میں شریک نہیں ہوئےاور بدھ کو اجمل شہزاد بیمار پڑ گئے اور سیشن سے محروم رہے۔

بدھ کو سوان اور اسٹراس نے تربیتی سیشن میں شرکت ضرور کی تاہم وہ بھرپور انداز میں شامل نہ ہو سکے۔

آئرلینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف میچز میں اپ سیٹ شکستیں کھانے والے انگلستان کے پاس اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور اسے نہ صرف ویسٹ انڈیز کو شکست دینا ہوگی بلکہ جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والے میچ کے نتیجے کا بھی انتظار کرنا ہوگا۔ جو 19 مارچ کو ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح حاصل کرنے میں ناکامی کی صورت میں ٹی ٹوئنٹی عالمی چیمپین اور ایشز فاتح ٹیم کو نامراد ہی وطن واپس لوٹنا پڑے گا۔