پاک جنوبی افریقہ سیریز: میزبان نے اپنا دستہ منتخب کر لیا، فلینڈر کی واپسی

0 1,006

پاکستان کرکٹ ٹیم کے جنوبی افریقہ پہنچتے ہی اب ممکنہ طورپر ایک شاندار سیریز کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ کیونکہ جنوبی افریقہ نے اپنے جوہانسبرگ میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے 13 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ ٹیسٹ میچ یکم فروری سے وینڈررز اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ وہی میدان جہاں پاکستان اور جنوبی افریقہ 1995ء میں پہلی بار مدمقابل آئے اور جنوبی افریقہ نے 324 رنز کی بھاری فتح حاصل کی تھی۔

فلینڈر صرف 13 ٹیسٹ میں 74 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں (تصویر: Getty Images)
فلینڈر صرف 13 ٹیسٹ میں 74 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں (تصویر: Getty Images)

بہرحال، جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ کے لیے اپنے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں تیز گیندباز ویرنن فلینڈر بھی شامل ہیں۔ وہ ران میں تکلیف کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ مقابلہ نہیں کھیل پائے تھے، لیکن اب یکم فروری سے پاک-جنوبی افریقہ ٹیسٹ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

مجموعی طور پر جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز کے دستے میں صرف یہی ایک تبدیلی کی گئی ہے اور فلینڈر کو جگہ دینے کے لیے تیز باؤلر راین میک لارن کو باہر کر دیا گیا ہے۔

محض 13 ٹیسٹ میچز میں 74 وکٹیں حاصل کرنے والے فلینڈر اپنے پہلے ٹیسٹ سے اب تک ریکارڈز پر ریکارڈز قائم کر رہے ہیں اور مختصر سے کیریئر میں 8 مرتبہ اننگز میں 5 یا زائد اور 2 مرتبہ میچ میں 10 یا زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ ان کی واپسی بلاشبہ جنوبی افریقی کے باؤلنگ اٹیک کے مزید استحکام کا باعث ہوگی۔

کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے سلیکشن کنوینر اینڈریو ہڈسن نے کہا کہ "ہم نے نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے والے دستے پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ روری کلین ویلٹ اور ژاک روڈلف ضرورت پڑنے پر بالترتیب باؤلنگ اور بیٹنگ کے لیے حتمی ٹیم میں جگہ پا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویرنن کی عدم موجودگی میں روری نے جس طرح کی کارکردگی دکھائی س سے ہم بہت خوش ہیں اور۔

جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو دونوں ٹیسٹ مقابلوں میں بری طرح شکست سے دوچار کیا، اور جس طرح اس کے باؤلرز نے کارکردگی دکھائی ہے، اس نے پاکستان کی کمزور کڑی یعنی بیٹنگ لائن اپ کو تشویش میں ضرور مبتلا کر دیا ہوگا۔ بہرحال، 25 سے 28 جنوری تک ایسٹ لندن میں ساؤتھ افریقن انوی ٹیشن الیون کے خلاف واحد ٹور میچ میں دیکھنا ہوگا کہ وہ وہاں کی صورتحال اور حالات سے کس قدر مانوس ہو چکے ہیں۔

جوہانسبرگ ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ جنوبی افریقی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

گریم اسمتھ (کپتان)، ابراہم ڈی ولیئرز، الویرو پیٹرسن، ڈیل اسٹین، ڈین ایلگر، رابن پیٹرسن، روری کلین ویلٹ، ژاک روڈلف، ژاک کیلس، فف دو پلیسی، مورنے مورکل، ہاشم آملہ اور ویرنن فلینڈر۔