یوم آسٹریلیا پر آسٹریلیا ناکام، وارنر کی اننگز رائیگاں

1 1,010

سری لنکا کی اجتماعی کوشش اور آخری لمحات میں اینجلو میتھیوز کی شعلہ فشانی نے آسٹریلیا کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں زیر کر لیا۔ آسٹریلیا کی اننگز بھی عجیب و غریب رہی، 20 اوورز میں وہ اسکور بورڈ پر 137 رنز کا مجموعہ ہی اکٹھا کر پایا، جس میں سے 90 رنز تو ڈیوڈ وارنر کے تھے جبکہ 25 رنز ایڈم ووگس نے بنائے۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ سری لنکا نے باؤلنگ اور فیلڈنگ میں کتنی جان ماری ہے کہ صرف 3 وکٹیں حاصل کرنے کے باوجود انہوں نے آسٹریلیا کو بڑے اسکور تک نہیں پہنچنے دیا۔

تھیسارا پیریرا نے مسلسل دو چھکے جڑ کر سری لنکا کو بحفاظت منزل تک پہنچا دیا (تصویر: Getty Images)
تھیسارا پیریرا نے مسلسل دو چھکے جڑ کر سری لنکا کو بحفاظت منزل تک پہنچا دیا (تصویر: Getty Images)

138 رنز کے ہدف کا تعاقب سری لنکا نے برق رفتاری سے شروع کیا۔ اوپنرز کوشال پیریرا اور تلکارتنے دلشان نے ابتدائی پاور پلے ہی میں اسکور کو 40 سے اوپر تک پہنچا دیا لیکن مسلسل دو اوورز میں دلشان اور کوشال کی وکٹیں کھونے اور پھر اننگز کے وسط میں دنیش چندیمال اور مہیلا جے وردھنے کے آؤٹ ہونے کے بعد مزید نقصان سے بچانے کے لیے ویسی ہی باری کی ضرورت تھی جیسی کہ مرد بحران اینجلو نے کھیلی۔ انہوں نے پہلے لاہیرو تھریمانے کے ساتھ مل کر 35 رنز کا اضافہ کیا اور پھر تھیسارا پیریرا کے ساتھ اتنے ہی رنز بنا کر سری لنکا کو فتح تک پہنچایا۔

40 ہزار سے زائد تماشائیوں کی اکثریت کے دل اس وقت ٹوٹ گئے جب سری لنکا نے، جسے آخری دو اوورز میں 18 رنز درکار تھے، پیریرا کے مسلسل دو چھکوں کی مدد سے 19 ویں اوور ہی میں ہدف کو جا لیا۔ انہوں نے بین لالن کی پانچویں گیند کو ڈیپ مڈ وکٹ اور پانچویں گیند کو لانگ آن پر چھکے کی سیر کراکے سری لنکا کو سیریز میں ناقابل شکست بنا دیا۔ ناکام ترین ٹیسٹ سیریز کے بعد ایک روزہ سیریز برابر کرنے اور یہاں ٹی ٹوئنٹی میں انقابل شکست برتری حاصل کرنے کے نتائج سری لنکا کے لیے بہت حوصلہ افزا ہوں گے اور وہ 28 جنوری کو ملبورن میں ہونے والا آخری ٹی ٹوئنٹی جیت کر کم از کم ایک طرز کی کرکٹ میں سیریز جیتنے کی کوشش کرے گا۔

گو کہ وارنر کی اننگز رائیگاں گئی، لیکن میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کر وہ بہترین کھلاڑی قرار پائے۔