بیلی کی طوفانی سنچری، ویسٹ انڈیز دوبارہ ناکام

4 1,052

عین اس موقع پر جب لگتا تھا کہ آسٹریلیا کا حال گزشتہ ایک روزہ میں ویسٹ انڈیز جیسا ہوگا، جارج بیلی کی شاندار سنچری آسٹریلیا کو مقابلے میں واپس لے آئی اور باقی کا کام باؤلنگ میں مچل اسٹارک نے انجام دے دیا جس کے نتیجے میں آسٹریلیا مسلسل دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز پر غالب آیا اور سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

جارج بیلی کے بین الاقوامی کیریئر کی پہلی سنچری بہت ہی اہم موقع پر کھیلی گئی ایک یادگار اننگز تھی (تصویر: Getty Images)
جارج بیلی کے بین الاقوامی کیریئر کی پہلی سنچری بہت ہی اہم موقع پر کھیلی گئی ایک یادگار اننگز تھی (تصویر: Getty Images)

واکا، پرتھ میں ہی کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا انتخاب کیا تو ابتداء ہی سے اسے ویسی ہی کامیابیاں ملیں جیسی چند روز قبل مچل اسٹارک نے ان کے خلاف حاصل کی تھیں۔ عثمان خواجہ، آرون فنچ، فلپ ہیوز، مائيکل کلارک تو پاور پلے کے دوران ہی داغ مفارقت دے گئے یہاں تک کہ میتھیو ویڈ کی وکٹ گرتے ہی آسٹریلیا صرف 93 رنز پر اپنی پانچ وکٹوں سے محروم ہو گیا۔ سلپ میں کھڑے ڈیرن سیمی نے ان کا ناقابل یقین کیچ لے کر آسٹریلیا کو سخت مشکل سے دوچار کر دیا۔

ان حالات میں جارج بیلی نے اننگز کو سنبھالا دیا۔ محض 110 گیندوں پر 4 چھکوں اور 10 چوکوں سے مزین یہ کمال اننگز 125 رنز تک پہنچی۔ یہ بیلی کے ایک روزہ کیریئر کی پہلی سنچری تھی جس نے آسٹریلیا کو ایک زبردست فتح سے ہمکنار کیا۔ اس ناقابل شکست اننگز کے دوران ان کا جیمز فاکنر نے اچھا ساتھ دیا اور دونوں نے ساتویں وکٹ پر 100 رنز جوڑے۔ فاکنر کا حصہ 39 رنز کا تھا لیکن ایک اینڈ سے ان کے جمے رہنے ہی سے ممکن ہو پایا کہ آسٹریلیا مقررہ 50 اوورز کے اختتام پر 266 رنز تک پہنچ سکا۔ حالات کو دیکھتے ہوئے ویسٹ انڈیز کےلیے یہ کافی سے زیادہ اسکور تھا۔ آسٹریلیا نے بیلی کی شاندار بلے بازی کی بدولت آخری 5 اوورز میں 64 رنز جوڑے جن میں آخری اوور میں لوٹے گئے 25 رنز بھی شامل تھے جو ڈیوین براوو نے پھینکا تھا۔ بہرحال، ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان ڈیرن سیمی نے 3 جبکہ کیمار روچ، جیسن ہولڈر، ڈیوین براوو اور سنیل نرائن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز ابتداء ہی میں سمت کھو بیٹھا۔ مچل اسٹارک نے کرس گیل، رام نریش سروان اور ڈیرن براوو کو ایل بی ڈبلیو کر کے پیشرفت کو سخت نقصان پہنچایا۔ اوپنر کیرن پاول اور ڈیوین براوو کی 126 رنز کی رفاقت نے ویسٹ انڈیز کے لیے کافی امید قائم کر دی لیکن بلے بازی میں ناکام رہنے والے گلین میکس ویل کے ہاتھوں براوو کے آؤٹ نے میچ کا نقشہ دوبارہ پلٹ دیا۔ براوو 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کچھ ہی دیر میں اسٹارک نے دو مسلسل گیندوں پر پاول اور ڈیوون تھامس کو ٹھکانےلگا دیا۔ رہی سہی کسر اگلے اوور میں میکس ویل نے کیرون پولارڈ کو آؤٹ کرا کے پوری کر دی۔ہلکی پھلکی مزاحمت کے بعد 39 ویں اوور کی پہلی گیندپر ویسٹ انڈین اننگز 212 رنز پر تمام ہوئی اور آسٹریلیا 54 رنز سے فتح یاب ٹھیرا۔

اسٹارک نے 5 اور میکس ویل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

جارج بیلی کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اب دونوں ٹیمیں آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا روانہ ہوں گی جہاں 6 فروری کو تیسرا ون ڈے کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز کو سیریز میں اپنی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے اس مقابلے میں لازماً جیتنا ہوگا بصورت دیگر آسٹریلیا سیریز اپنے نام کر لے گا۔

آسٹریلیا بمقابلہ ویسٹ انڈیز

دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ

3 فروری 2013ء

بمقام: واکا، پرتھ

نتیجہ: آسٹریلیا 54 رنز سے فتح یاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: جارج بیلی (آسٹریلیا)

آسٹریلیا رنز گیندیں چوکے چھکے
آرون فنچ ک ڈیرن براوو ب ہولڈر 11 22 2 0
عثمان خواجہ ک پاول ب روچ 3 14 0 0
فلپ ہیوز ک ڈیرن براوو ب سیمی 21 22 2 1
مائیکل کلارک ب ڈیوین براوو 16 19 4 0
جارج بیلی ناٹ آؤٹ 125 110 10 4
میتھیو ویڈ ک سیمی ب نرائن 16 28 1 0
گلین میکس ویل ب سیمی 0 1 0 0
جیمز فاکنر ک پاول ب سیمی 39 67 3 0
مچل جانسن ناٹ آؤٹ 16 17 1 0
فاضل رنز ل ب 10، و 9 19
مجموعہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 266

 

ویسٹ انڈیز (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
کیمار روچ 10 0 51 1
جیسن ہولڈر 10 1 56 1
ڈیرن سیمی 10 0 48 3
ڈیوین براوو 10 0 67 1
سنیل نرائن 10 0 34 1

 

ویسٹ انڈیزہدف: 267 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
کرس گیل 4 7 0 0
کیرن پاول 83 90 10 2
رامنریش سروان 0 2 0 0
ڈیرن براوو 14 20 3 0
ڈیوین براوو 45 56 4 2
کیرون پولارڈ 1 3 0 0
ڈیوون تھامس 0 1 0 0
ڈیرن سیمی 8 16 1 0
جیسن ہولڈر 9 8 1 0
سنیل نرائن 24 6 0 4
کیمار روچ 0 0 0 0
فاضل رنز ل ب 13، و 11 24
مجموعہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 212

 

آسٹریلیا (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
کلنٹ میک کے 6 0 32 0
مچل اسٹارک 8 1 32 5
جیمز فاکنر 7 0 40 0
مچل جانسن 9 0 32 0
گلین میکس ویل 8.1 1 63 4