پاکستان کے لیے بڑا دھچکا، جنید خان زخمی

5 1,089

جوہانسبرگ میں بدترین شکست اور پھر پے در پے کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے بعد پاکستان کے لیے سب سے بری خبر ابھی موجود ہے کہ خدشہ ہے تیز گیند باز جنید خان آج سے نیولینڈز، کیپ ٹاؤن میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں شرکت نہ کر پائیں۔ چند روز قبل ان کی ران میں چوٹ لگی تھی اور وہ اب بھی اس سے مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوئے۔

جنید کے نہ کھیلنے کی صورت میں عبد الرحمن کی شرکت متوقع ہے (تصویر: AFP)
جنید کے نہ کھیلنے کی صورت میں عبد الرحمن کی شرکت متوقع ہے (تصویر: AFP)

توفیق عمر اور حارث سہیل کی وطن واپسی کے بعد پاکستان کو اسد شفیق، سرفراز احمد اور محمد حفیظ کے زخمی ہونے کی صورت میں دھچکے پہنچے۔ اسد ہاتھ کی انجری کا شکار ہوئے تو سعید اجمل کی ایک گیند سرفراز احمد کی ناک پر لگ گئی جبکہ حفیظ انفیکشن کا شکار۔ اس صورتحال میں یہ تینوں کھلاڑی تو کسی طرح فٹ ہو گئے لیکن ایک اہم کھلاڑی شاید اس نکلتی ہوئی ٹرین کو نہ پکڑ پائے یعنی جنید خان!

گوکہ صورتحال ابھی تک بالکل واضح نہیں ہے، ایک جانب کوچ ڈیو واٹمور یہ کہہ رہے ہیں کہ جنید کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے اور انہیں سنچورین میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں کھلایا جائے گا اور دوسری جانب ٹیم مینیجر نوید چیمہ نے یہ بیان داغتے ہیں کہ جنید تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ کیپ ٹاؤن میں کھیلیں۔ اس لیے کیفیت تو گومگو کی سی ہے لیکن پھر بھی ظاہراً یہی لگتا ہےکہ جنید اس وکٹ پر ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے، جہاں گزشتہ دو سال میں دو مرتبہ ٹیمیں 50 رنز سے قبل ڈھیر ہو چکی ہیں، اور اگر جنید واقعی فائنل الیون میں شامل نہ ہو پائے تو ممکن ہے کہ پاکستان ان کی جگہ عبد الرحمٰن کو کھلائے کیونکہ نیولینڈز میں ایک بہت خشک وکٹ دونوں ٹیموں کی منتظر ہے جس میں تیز گیند بازوں کے لیے اتنی مدد موجود نہیں جتنی کہ وینڈررزمیں تھی۔

بہرحال، گیند بازوں پر تو شاید یہاں اتنا دباؤ نہ ہوگا جتنا کہ بلے بازوں پر ہوگا، جو کسی اسکول کے کھلاڑیوں کی طرح وینڈررز میں وکٹیں تھماتے گئے اور پاکستان کو 211 رنز کی ہزیمت سے دوچار ہونا پڑا۔ اب اگر انہوں نے یہاں کمر نہیں کسی تو سیریز بھی ہاتھ سے جائے گی اور شاید مصباح کی ٹیسٹ قیادت بھی!