کیپ ٹاؤن میں ڈی آر ایس کا ہنگامہ

1 1,030

پاک جنوبی افریقہ دوسرا ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے لیکن یہاں تک پہنچنے کے لیے تنازعات کے چند سنگ میل ضرور عبور کرنا پڑے۔ پہلی اننگز میں یونس خان کے متنازع انداز میں آؤٹ ہونے کی گرد ابھی بیٹھی ہی نہ تھی کہ جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ژاک کیلس کو انتہائی عجیب و غریب انداز میں آؤٹ دے کر ایک بہت بڑا تنازع کھڑا کر دیا گیا۔

ژاک کیلس امپائر سے طویل بحث کے بعد میدان سے لوٹے (تصویر: Getty Images)
ژاک کیلس امپائر سے طویل بحث کے بعد میدان سے لوٹے (تصویر: Getty Images)

ہوا یوں کہ ژاک کیلس سعیداجمل کی ایک گیند کو کھیلنے کی کوشش میں ناکام ہوئے اور پاکستانی کھلاڑی نے بیٹ-پیڈ کیچ کی اپیل کی جس کو مانتے ہوئے امپائر اسٹیو ڈیوس نے انہیں آؤٹ قرار دیا۔ کیلس نے فوری طورپر فیصلے پر نظرثانی (ریویو) کروانے کا فیصلہ کیا۔ جس میں "ہاٹ اسپاٹ" سے ثابت ہوا کہ گیند نے ان کے بلے کا کنارہ نہیں چھوا لیکن جب "بال ٹریکنگ" کو دیکھا گیا تو معلوم ہوا کہ گیند لیگ اسٹمپ کو ہلکا سا چھوتی ہوئی نکل سکتی تھی یعنی کہ معاملہ "امپائرز کال" پر جاتا۔ یہاں پر تیسرے امپائر بلی باؤڈن نے زبردست غلطی کی کہ انہیں اصل اپیل یعنی کیچ کے بجائے ایل بی ڈبلیو قرار دے کر میدان سے روانگی کا اشارہ کر دیا۔

لیکن کیلس اتنی آسانی سے جانے والے نہ تھے، انہوں نے کافی دیرتک امپائر اسٹیو ڈیوس سے بات کی اور اس کے بعد بوجھل دل کے ساتھ میدان سے واپس لوٹے۔

بہرحال، معاملہ طول پکڑ چکا تھا، وہ بھی اتنا کہ رات گئےبین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک وضاحتی اعلامیہ جاری کیا، جس کی ایک نقل کرک نامہ کو بھی موصول ہوئی، جس کے مطابق انہوں نے اس فیصلے کو ایک غلطی قرار دیا ۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ نے بھی معاملے پر مزید ہنگامہ کھڑا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ٹیم مینیجر محمد موسیٰ جی نے کہا کہ اس معاملے میں ایک ضابطہ اخلاق موجود ہے اور ہم اس کے پابند ہیں۔

واضح رہے کہ اس سیریز میں ڈی آر ایس نے کئی نئے تنازعات کھڑے کیے ہیں۔ جوہانسبرگ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے ہاٹ اسپاٹ ٹیکنالوجی کی کارکردگی پر سوالات اٹھائےتھے کیونکہ کم از کم چار فیصلے ایسے تھے جوہاٹ اسپاٹ کی وجہ سے پاکستان کے خلاف گئے۔

میرے منہ میں خاک، اب اگر کیپ ٹاؤن اور بعد ازاں سنچورین میں ایک، دو مزید ایسے واقعات پیش آ جاتے ہیں تو بھارت کے موقف کو زبردست تائید ملے گی، جو اس وقت دنیائے کرکٹ کا واحد ملک ہے جو ڈی آر ایس کا مخالف ہے۔