[ریکارڈز] گریم اسمتھ کے سینے پر ایک اور تمغہ

1 1,036

نیولینڈز، کیپ ٹاؤن میں پاکستان کے خلاف ایک زبردست مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کی جیت کئی لحاظ سے ایک یادگار فتح تھی۔ ایک تو جنوبی افریقہ کی عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک پوزیشن مزید مستحکم ہوئی اور ساڑھے چار لاکھ ڈالرز کا سالانہ بونس حاصل کرنے کی بھی حقدار ٹھیری، وہیں مسلسل چھٹی سیریز جیت کر اس نے خود کو حقیقی نمبر ایک بھی ثابت کیا۔ لیکن ساتھ ساتھ انفرادی سطح پر کپتان گریم اسمتھ کے لیے بھی یہ ایک تاریخی ٹیسٹ تھا۔

سب سے زیادہ ٹیسٹ مقابلوں میں قیادت کے بعد اب سب سے زیادہ ٹیسٹ فتوحات کا ریکارڈ بھی گریم اسمتھ کے دامن میں (تصویر: AFP)
سب سے زیادہ ٹیسٹ مقابلوں میں قیادت کے بعد اب سب سے زیادہ ٹیسٹ فتوحات کا ریکارڈ بھی گریم اسمتھ کے دامن میں (تصویر: AFP)

ایک تو انہوں نے 100 ویں مرتبہ کسی ٹیسٹ مقابلے میں جنوبی افریقہ کی قیادت کی اور پھر اس میں فتح حاصل کر کے سب سے زیادہ ٹیسٹ فتوحات حاصل کرنے والے کپتان بن گئے۔

2003ء میں ایک نوآموز کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں شمولیت اور زمام کار سنبھالنے کے بعد سے اب تک گریم اسمتھ 101 ٹیسٹ مقابلے کھیل چکے ہیں، جن میں سے کیپ ٹاؤن میں حاصل کردہ فتح 49 ویں جیت تھی۔ انہیں 26 مقابلوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور اتنے ہی مقابلے کسی نتیجے تک پہنچے بغیر ختم ہو گئے۔ اس فتح کی بدولت اسمتھ نے آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کا قائم کردہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ رکی پونٹنگ نے 77 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی قیادت کی اور اس میں سے 48 میں فتوحات حاصل کیں۔ رکی کے دامن میں صرف 16 شکستیں اور 13 بے نتیجہ ٹیسٹ ہیں اور یوں وہ جیت کی بہت زیادہ شرح کے حامل ہیں۔

ہم قارئین کی دلچسپی کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ فتوحات حاصل کرنے والے کپتانوں کی ایک فہرست نیچے پیش کر رہے ہیں، امید ہے معلومات میں اضافے کا باعث ہوگی:

نام کپتان ملک دورانیہ مقابلے فتوحات شکستیں برابر بے نتیجہ
گریم اسمتھ جنوبی افریقہ 2003ء تا 2013ء 101 49 26 0 26
رکی پونٹنگ آسٹریلیا 2004ء تا 2010ء 77 48 16 0 13
اسٹیو واہ آسٹریلیا 1999ء تا 2004ء 57 41 9 0 7
کلائیو لائیڈ ویسٹ انڈیز 1974ء تا 1985ء 74 36 12 0 26
ایلن بارڈر آسٹریلیا 1984ء تا 1994ء 93 32 22 1 38
اسٹیفن فلیمنگ نیوزی لینڈ 1997ء تا 2006ء 80 28 27 0 25
ہنسی کرونیے جنوبی افریقہ 1994ء تا 2000ء 53 27 11 0 15
ویوین رچرڈز ویسٹ انڈیز 1980ء تا 1991ء 50 27 8 0 15
مارک ٹیلر آسٹریلیا 1994ء تا 1999ء 50 26 13 0 11
مائیکل وان انگلستان 2003ء تا 2008ء 51 26 11 0 14