مورنے مورکل تیسرے ٹیسٹ سے باہر

0 1,040

جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز مورنے مورکل پاکستان کے خلاف تیسرا ٹیسٹ نہیں کھیل پائیں گے۔ وہ کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے دوران ران کے پٹھے میں تکلیف کا شکار ہو گئے تھے اور دوسری اننگز میں انہوں نے باؤلنگ نہیں کروائی تھی، اور اب اس انجری کی طوالت کے باعث انہیں تیسرے ٹیسٹ سے بھی محروم ہونا پڑے گا۔

مورنے مورکل کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 21 واں اوور کراتے ہوئے زخمی ہوئے اور دوسری اننگز میں محض 3 اوورز پھینک پائے (تصویر: Getty Images)
مورنے مورکل کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 21 واں اوور کراتے ہوئے زخمی ہوئے اور دوسری اننگز میں محض 3 اوورز پھینک پائے (تصویر: Getty Images)

جنوبی افریقہ نے تیسرے ٹیسٹ کے لیے ان کی جگہ کائل ایبٹ کو طلب کر لیا ہے۔ البتہ مورنے کی جگہ روری کلین ویلٹ کے کھیلنے کے امکانات زیادہ ہیں، جو پہلے ہی ٹیم کا حصہ ہیں۔

مورکل پاکستان کی پہلی اننگز کے دوران اپنے 21 ویں اوور میں تکلیف کا شکار ہوئے اور اس کے بعد باؤلنگ نہ کروا پائے۔ دوسری اننگز میں انہوں نے باؤلنگ کی کوشش کی لیکن صرف 3.1 اوورز پھینک پائے۔

کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے سلیکشن کنوینر اینڈریو ہڈسن نے کہا کہ کائل فرسٹ کلاس ڈومیسٹک سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں اور چیمپئن کیپ کوبراز کے خلاف انہوں نے 96 رنز دے کر 12 وکٹوں کی شاندار کارکردگی بھی دکھائی تھی اور 49 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بنے۔ اس لیے انہیں سوئنگ کی قابلیت اور بہترین فارم کے باعث طلب کیا گیا ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ 22 فروری سے سنچورین میں شروع ہوگا۔ جنوبی افریقہ پہلے ہی اولین دونوں ٹیسٹ جیت کر سیریز اپنے نام کر چکا ہے۔