بنگلہ دیش کے لیے دھچکہ؛ شکیب الحسن دورہ سری لنکا سے باہر ہوگئے

0 1,061

بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن آئندہ ماہ شروع ہونے والے دورہ سری لنکا میں ٹیم کے ہمراہ نہیں جا رہے۔ وہ دائیں پنڈلی کے پٹھوں کی سرجری کے بعد چھ ہفتوں تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں جس کے باعث انہیں دورہ سری لنکا کے لیے منتخب بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔

دورہ سری لنکا سے باہر ہوجانے کے بعد شکیب الحسن کی دورہ زمبابوے میں شرکت بھی مشکوک دکھائی دے رہی ہے۔ (تصویر: رائٹرز)
دورہ سری لنکا سے باہر ہوجانے کے بعد شکیب الحسن کی دورہ زمبابوے میں شرکت بھی مشکوک دکھائی دے رہی ہے۔ (تصویر: رائٹرز)

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر دیباشیش چودھری نے اس حوالےسے کہا کہ آسٹریلوی ماہرین کے مشورے کے مطابق بی سی بی نے شکیب الحسن کو سرجری کروانے اور آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شکیب کی جاری سرجری کے بعد انہیں فزیوتھراپی اور دیگر طبی معانے کی بھی ضرورت ہوگی جو آئندہ اتوار سے شروع کیئے جا رہے ہیں۔

شکیب الحسن گزشتہ سال نومبر میں دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران پنڈلی کے درد کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث انہیں ٹیسٹ سیریز کے فوراً بعد آرام دیا گیا تھا۔ بعدازاں شکیب بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوران کھیلتے ہوئے نظر آئے تاہم اس تکلیف کے باعث انہوں نے گیند بازی کے دوران مختصر رن اپ کا استعمال کیا اور پھر چند مقابلوں میں شرکت بھی نہ کرسکے۔ لیگ کے اختتام پر شکیب نے بھی اس بات کو تسلیم کیا کہ انہیں چلنے پھرنے کے دوران تکلیف کا سامنا ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈر کی تکلیف کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے 20 فروری کو آسٹریلیا روانہ کیا جہاں ماہرین ان کے علاج میں مصروف ہیں۔

بنگلہ دیش ٹیم 28 فروری کو 2 ٹیسٹ، 3 ایک روزہ اور 1 ٹی ٹونٹی مقابلوں کے لیے سری لنکا روانہ ہوگی۔ 25 سالہ شکیب الحسن کی تکلیف کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ اپریل 2013ء میں بنگلہ دیش کے دورہ زمبابوے میں بھی ان کی شرکت مشکوک دکھائی دے رہی ہے۔