ون ڈے سیریز: جنوبی افریقہ کی نظریں نمبر ایک پوزیشن پر

0 1,029

یکطرفہ ٹیسٹ سیریز اور دلچسپ ٹی ٹوئنٹی مقابلے کے بعد اب پاکستان کا دورۂ جنوبی افریقہ 5 ایک روزہ مقابلوں کے ساتھ اک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ دونوں ٹیمیں اتوار کو بلوم فاؤنٹین میں اولین مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی اور پھر سیریز 24 مارچ کو بینونی میں آخری مقابلے تک جاری رہے گی۔ سیریز میں پاکستان تو غیر یقینی کامیابی کے ذریعے تاریخ رقم کرنے کے علاوہ عالمی درجہ بندی میں اپنی پوزیشن کو کچھ بہتر بنا سکتا ہے لیکن جنوبی افریقہ پاکستان کو زیر کرکے عالمی نمبر ایک پوزیشن پر قبضہ جما سکتا ہے۔

جنوبی افریقہ اس وقت ٹیسٹ میں نمبر ایک ٹیم ہے اور پاکستان کے خلاف کلین سویپ اسے ون ڈے میں بھی نمبر ون بنا سکتا ہے (تصویر: Getty Images)
جنوبی افریقہ اس وقت ٹیسٹ میں نمبر ایک ٹیم ہے اور پاکستان کے خلاف کلین سویپ اسے ون ڈے میں بھی نمبر ون بنا سکتا ہے (تصویر: Getty Images)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق، جس کی ایک نقل کرک نامہ کو بھی موصول ہوئی ہے، جنوبی افریقہ اس وقت عالمی درجہ بندی میں چوتھی پوزیشن پر موجود ہے اور اسے نمبر ایک بننے کے لیے کچھ مشکل ہدف درکار ہے یعنی پاکستان کو پانچ-صفر سے ہرانا۔ اگر پروٹیز یہ نتیجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تو وہ نہ صرف ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ ایک روزہ میں بھی نمبر ایک ٹیم بن جائیں گے بلکہ ایک لاکھ 75 ہزار ڈالرز کی خطیر رقم کے ساتھ آئی سی سی کی او ڈی آئی شیلڈ کے بھی حقدار ہوں گے۔ پروٹیز ماضی میں 2008ء اور 2009ء میں نمبر ون شیلڈ حاصل کر چکے ہیں اور اس وقت ٹیسٹ چیمپئن کی خوبصورت گرز نما ٹرافی بھی انہی کے پاس ہے۔

اگر جنوبی افریقہ کلین سویپ کرنے میں ناکام رہا اور 4-1 سے سیریز جیت پایا تو وہ دوسرے نمبر پر پہنچ جائے گا یعنی یکم اپریل کو 75 ہزار ڈالرز کی رقم کا حقدار ٹھیرے گا۔

دوسری جانب پاکستان، جو اس وقت عالمی نمبر چھ ہے، جنوبی افریقہ کے خلاف پانچوں ون ڈے مقابلے جیت کر بھی چوتھی پوزیشن پر ہی پہنچ سکتا ہے۔ پاکستان کے ریٹنگ پوائنٹس اس وقت 107 ہیں اور مہمان ٹیم کے خلاف ناقابل یقین فتح اسے 114 پوائنٹس پر پہنچا دے گی جبکہ جنوبی افریقہ ایسی شکست کی صورت میں 10 پوائنٹس کا خسارہ سہے گا اور 102 پوائنٹس پر جا گرے گا۔

اگر سیریز کچھ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو جائے اور پاکستان 3-2 سے جیت جائے تو پھر دونوں ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد 109 ہو جائے گی تاہم معمولی فرق سے جنوبی افریقہ کو پاکستان پر برتری حاصل رہے گی۔

پاک-جنوبی افریقہ ون ڈے سیریز کی ایک خاص اہمیت یہ بھی ہے کہ یہ چیمپئنز ٹرافی 2013ء کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم سیریز ہے۔ آئی سی سی کا دوسرا اہم ترین ایک روزہ ٹورنامنٹ آخری بار رواں سال 6 سے 23 جون تک انگلستان میں منعقد ہوگا۔

بہرحال، انفرادی سطح پر بھی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو اس سیریز میں اپنی درجہ بندی کو بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ اس وقت دنیا کے نمبر ایک بلے باز، پاکستان کے سعید اجمل نمبر ایک باؤلر جبکہ پاکستان ہی کے محمد حفیظ نمبر ایک آل راؤنڈر ہیں اور اس سیریز میں عمدہ کارکردگی ان کھلاڑیوں کو اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کا موقع دے گی۔

موجودہ عالمی درجہ بندی کے بارے میں جاننے کے لیے کرک نامہ کا خصوصی صفحہ دیکھئے۔