پاکستان کے لیے سکھ کا سانس، اسٹین اور مورکل پہلا ون ڈے نہیں کھیلیں گے

0 1,013

ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی بلے بازوں کوتگنی کا ناچ نچانے والے ڈیل اسٹین ایک روزہ سیریز کے پہلے معرکے میں شرکت نہیں کر پائیں گے جو کل یعنی اتوار کو بلوم فاؤنٹین میں کھیلا جائے گا۔

ڈیل اسٹین نے نیوزی لینڈ اور پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 180 اوورز پھینکے جس کی وجہ سے انہیں آرام کا موقع دیا گیا ہے (تصویر: Getty Images)
ڈیل اسٹین نے نیوزی لینڈ اور پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 180 اوورز پھینکے جس کی وجہ سے انہیں آرام کا موقع دیا گیا ہے (تصویر: Getty Images)

جنوبی افریقہ پہلے ہی اپنے دوسرے اسٹرائیک باؤلر مورنے مورکل سے محروم ہے جو ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہیں، جس کا مطلب ہے کہ پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں دونوں اہم گیندباز نہیں کھیلیں گے اور یوں دوسرے ٹی ٹوئنٹی کی طرح پاکستانی بلے بازوں کو سکھ کا سانس میسر آئے گا۔

جنوبی افریقہ کے کوچ گیری کرسٹن نے کہا کہ ڈیل اسٹین جمعے کو سنچورین میں ہونے والے دوسرے ون ڈے سے قبل ٹیم میں شامل ہوں گے جبکہ مورکل ابھی صحت یابی کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ "ڈیل اسٹین نے نیوزی لینڈ اور پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 180 سے زائد اوورز پھینکے اور ہماری باؤلرز روٹیشن پالیسی کے تحت انہیں پہلے ون ڈے میں لازماً آرام دیا جانا تھا۔ "

کرسٹن نے مزید کہا کہ "اس مرحلے پر ہم مورنے مورکل کی صحت یابی کا انتظار کر رہے ہیں۔ اگر وہ بروقت بحالی میں ناکام رہے تو ہم اس چیز کو بھی مثبت نگاہ سے دیکھیں گے کیونکہ یہ کسی کھلاڑی کو آزمانے کا بہترین موقع ہوگا۔"

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کے بعد جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی مرحلے میں ایک-صفر سے ہار گیا تھا اور اب محدود اوورز کی اس کرکٹ میں اسے پاکستان پر اپنی برتری ثابت کرنا ہوگی۔