عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن کے لیے سہ طرفہ جنگ

0 1,009

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی ٹیسٹ درجہ بندی میں دوسرا مقام حاصل کرنے کے لیے انگلستان، آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان سہ طرفہ جنگ جاری ہے۔ انگلستان اس وقت نیوزی لینڈ کے خلاف نبرد آزما ہے جبکہ آسٹریلیا بھارت کے خلاف سخت آزمائش کے دور سے گزر رہا ہے اور 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے ابتدائی دونوں مقابلوں ہار چکا ہے۔

انگلستان کو عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے بقیہ دونوں ٹیسٹ میں بہتر کارکردگی دکھا کر سیریز جیتنا ہوگی (تصویر: Getty Images)
انگلستان کو عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے بقیہ دونوں ٹیسٹ میں بہتر کارکردگی دکھا کر سیریز جیتنا ہوگی (تصویر: Getty Images)

آئی سی سی کی جانب سے موصول ہونے والے ایک اعلامیہ کے مطابق، جس کی ایک نقل کرک نامہ کو بھی ملی ہے، درجہ بندی میں تینوں ٹیموں کے درمیان 13 پوائنٹس کا فرق ہے اور اس میں اگلی اپ ڈیٹ 26 مارچ کو بھارت-آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ-انگلستان سیریز کے اختتام پر ہوگی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ڈنیڈن میں پہلے ٹیسٹ میں سخت جدوجہد کے بعد مقابلہ ڈرا کرنے کے بعد اب انگلستان کو اب میزبان ٹیم کے خلاف فتح کی ضرورت ہے، اگر نیوزی لینڈ سیریز کو برابر یا جیتنے میں کامیاب ہو جاتا ہے، تو اس کے نتیجے میں آسٹریلیا اور بھارت دونوں کے لیے دوسری پوزیشن پر پہنچنے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔

نیوزی لینڈ کے جیتنے یا سیریز برابر کرنے کی صورت میں بھارت اس وقت دوسری پوزیشن پر پہنچ سکتا ہے جب وہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بقیہ دونوں مقابلے بھی جیتے ۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے جیتنے یا سیریز برابر کرنے ہی کی صورت میں آسٹریلیا کے پاس یہ موقع ہوگا کہ وہ سیریز میں بھرپور انداز میں واپسی کر کے اسے برابر کرے اور یوں انگلستان کو پچھاڑکر دوسری پوزیشن پر قابض ہو جائے۔

جنوبی افریقہ کی سرفہرست پوزیشن کافی مضبوط ہے اور فی الحال اسے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ نہ صرف یکم اپریل کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کی خوبصورت گرز نما ٹرافی کا حقدار ہوگا بلکہ ساڑھے چار لاکھ ڈالرز کی خطیر رقم بھی پائے گا۔

اس رقم کے علاوہ ساڑھے سات لاکھ ڈالرز بھی داؤ پر ہیں۔ یہ رقم دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیموں میں تقسیم ہوگی، جنہیں بالترتیب ساڑھے تین، ڈھائی اور ڈیڑھ لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

اس وقت دنیائے کرکٹ کی 8 ٹیمیں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں۔ ویسٹ انڈیز دو ٹیسٹ مقابلوں کی سیريز کے پہلے ٹیسٹ میں زمبابوے کی میزبانی کر رہا ہے تو انگلستان اور نیوزی لینڈ آج سے ویلنگٹن میں دوسرا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔ آج ہی بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان موہالی، چندی گڑھ میں تیسرا ٹیسٹ شروع ہو رہا ہے تو ہفتے کے روز سے سری لنکا اور بنگلہ دیش کولمبو میں دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔ باقی رہ جانے والی دو ٹیمیں پاکستان اور جنوبی افریقہ ٹیسٹ مقابلے کھیل چکی ہیں اور تین-صفر کی بھاری فتح نہ صرف جنوبی افریقہ کی سرفہرست پوزیشن کو مزید مستحکم کر چکی ہے بلکہ پاکستان کو چوتھے درجے سے بھی محروم کر چکی ہے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ چار ٹیسٹ سیریز اختتام کے ساتھ عالمی درجہ بندی میں کیا تبدیلیاں لاتی ہیں۔ بہرحال، سب سے زیادہ نظریں بھارت-آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ-انگلستان مقابلوں پر مرکوز ہوں گی۔