عالمی درجہ بندی: دوسری پوزیشن کے لیے مقابلہ مزید سخت

0 1,003

جنوبی افریقہ ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست ہے اور پاکستان کے خلاف حالیہ سیریز میں تین-صفر کا کلین سویپ اس کی پوزیشن کو مزید مستحکم کر چکا ہے۔ اب مقابلہ دوسری پوزیشن کا ہے جس کے لیے آسٹریلیا، انگلستان اور بھارت مدمقابل ہیں۔

دوسری جانب بھارت ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست مقام پر قابض ہے تو جنوبی افریقہ کو دوسری پوزیشن سمیٹنے کے لیے پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے بقیہ دونوں مقابلے جیتنے ہوں گے۔

انگلستان کو عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے بقیہ دونوں ٹیسٹ میں بہتر کارکردگی دکھا کر سیریز جیتنا ہوگی (تصویر: Getty Images)
انگلستان کو عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے بقیہ دونوں ٹیسٹ میں بہتر کارکردگی دکھا کر سیریز جیتنا ہوگی (تصویر: Getty Images)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایک اعلامیہ کے مطابق، جس کی ایک نقل کرک نامہ کو بھی موصول ہوئی، ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹیبل میں دوسرے مقام کی جنگ اب زور پکڑ چکی ہے کیونکہ ہر سال یکم اپریل کو سرفہرست چار ٹیموں کو آئی سی سی کی جانب سے بھاری رقوم انعام کے طور پر دی جاتی ہیں، اس لیے حتمی پوزیشنوں کا فیصلہ ہونا بہت اہمیت کا حامل ہے۔

اس وقت انگلستان دوسری پوزیشن پر براجمان ہے لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف اولین دونوں ٹیسٹ مقابلے برابر ہو جانے کے بعد اب سیریز صفر-صفر سے برابر ہے اور انگلستان کو اپنے درجے کے لالے پڑ گئے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب بھارت چار ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز کے ابتدائی تینوں میچز جیت کر سیریز تین-صفر سے جیت چکا ہے۔

اب دونوں ٹیمیں اپنا آخری ٹیسٹ 26 مارچ کو مکمل کریں گی جس کے فوراً بعد ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ان کی پوزیشن کا تعین ہوگا۔ انگلستان کو اپنی پوزیشن بچانے کے لیے آکلینڈ میں ہونے والا آخری ٹیسٹ جیتنا یا برابر کرنا ضروری ہے جبکہ بھارت اور آسٹریلیا کے لیے نہ صرف نئی دہلی میں آخری ٹیسٹ جیتنا ضروری ہے بلکہ انہیں آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کی جیت کا بھی انتظار کرنا ہوگا۔ اگر نیوزی لینڈ آکلینڈ ٹیسٹ جیت کر سیریز 1-0 سے اپنے نام کر لیتا ہے تو جو ٹیم دہلی میں جیتے گی وہ دوسری پوزیشن کی حقدار ہوگی۔

جنوبی افریقہ سرفہرست ٹیم کےلیے مختص ساڑھے چار لاکھ ڈالرز کا انعام تو پکا کر چکا لیکن اب بھی مزید ساڑھے سات لاکھ ڈالرز داؤ پر لگے ہوئے ہیں۔ ان میں سے ساڑھے تین لاکھ ڈالرز دوسرے، ڈھائی لاکھ ڈالرز تیسرے اور ڈیڑھ لاکھ ڈالرز چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم کو دیے جائیں گے۔

پاکستان کے لیے بدقسمتی یہ رہی کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سیریز سے قبل چوتھی پوزیشن پر تھا اور یہاں تین-صفر کی بدترین شکست نے اسے پانچویں درجے پر دھکیل دیا۔

دوسری جانب اگر ایک روزہ درجہ بندی کو دیکھا جائے تو بھارت کی اول پوزیشن پکی ہے اور وہ پونے دو لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا حقدار ہے۔ اگر جنوبی افریقہ پاکستان کے خلاف جاری سیریز کے بقیہ دونوں مقابلے جیت جاتا ہے تو وہ دوسرے نمبر پر پہنچ جائے گا۔ اس وقت سیریز دو-ایک سے جنوبی افریقہ کے حق میں ہے۔ لیکن اگر وہ چار-ایک سے جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکا تو انگلستان دوسری پوزیشن پر قابض ہو جائے گا اور 75 ہزار ڈالرز کا انعام لے اڑے گا۔

ٹیسٹ اور ایک روزہ کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی اس صفحے پر ملاحظہ کیجیے۔