[ریکارڈز] شاہد آفریدی سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی بلے باز

6 1,159

پاکستان کے شاہد خان آفریدی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے پانچویں ون ڈے میں ایک مرتبہ پھر صفر پر آؤٹ ہوئے اور یوں وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے بلے باز بن گئے۔

شاہد آفریدی نے وسیم اکرم کا 28 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا قومی ریکارڈ اپنے نام کیا (تصویر: Getty Images)
شاہد آفریدی نے وسیم اکرم کا 28 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا قومی ریکارڈ اپنے نام کیا (تصویر: Getty Images)

پانچویں ون ڈے میں شاہد آفریدی اس وقت میدان میں آئے جب آخری پاور پلے کے آغاز سے محض ایک اوور قبل شعیب ملک آؤٹ ہو گئے تھے اور پاکستان 151 رنز پر اپنی 6 وکٹیں گنوا چکا تھا اور پاکستان کو ضرورت تھی کہ بلے بازوں کی آخری جوڑی اننگز کو توقعات کے مطابق آگے بڑھائے۔ لیکن شاہد آفریدی محض دو گیندیں کھیلنے کے بعد راین میک لارن کے اوور کی آخری گیند پر جھپٹ پڑے اور شاٹ سیدھا ڈیپ اسکوائر لیگ پر کھڑے کولن انگرام کے ہاتھ میں گیا۔ یوں شاہد آفریدی اپنے ایک روزہ کیریئر میں 29 ویں مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔

یوں انہوں نے سابق کپتان وسیم اکرم کا 28 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے اپنے 19 سالہ کیریئر میں 356 میچز میں یہ "کارنامہ" انجام دیا۔ شاہد آفریدی نے اپنے 16 سالہ کیریئر میں اب تک 354 میچز کھیلے ہیں اور 23 سے زائد کے اوسط سے 7 ہزار سے زیادہ رنز بنا رکھے ہیں، جن میں 6 سنچریاں اور 34 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

صرف ایک کھلاڑی کو شاہد آفریدی سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا "اعزاز" حاصل ہے اور وہ ہیں سری لنکا کے سنتھ جے سوریا۔ جو اپنے 22 سالہ طویل کیریئر میں 445 میچز میں 34 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔لیکن اس داغ کے باوجود ان کا کیریئر شاندار ہے۔ انہوں نے 32 سے زیادہ کے اوسط سے 13 ہزار 430 ون ڈے رنز بنائے اور 68 نصف سنچریاں اور 28 سنچریاں بھی بنائیں۔

اب شاہد آفریدی، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان میں ڈیڑھ دو سال کی کرکٹ ابھی باقی ہے، کے پاس موقع ہے کہ وہ ون ڈے میں سب سے زیادہ چھکوں کی طرح یہ ریکارڈ بھی اپنے نام کریں۔

آئیے آپ کو دکھاتے ہیں کہ ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کون سے ہیں؟

ون ڈے کیریئر میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے بلے باز

نام ملک مقابلے کل رنز صفر
سنتھ جے سوریا سری لنکا سری لنکا 445 14430 34
شاہد آفریدی پاکستان پاکستان 354 7201 29
وسیم اکرم پاکستان پاکستان 356 3717 28
مہیلا جے وردھنے سری لنکا سری لنکا 391 10892 26
متیاہ مرلی دھرن سری لنکا سری لنکا 350 674 25
چمندا واس سری لنکا سری لنکا 322 2025 25
رمیش کالووتھارنا سری لنکا سری لنکا 189 3711 24
ڈینیل ویٹوری نیوزی لینڈ نیوزی لینڈ 272 2105 22
ہرشل گبز جنوبی افریقہ جنوبی افریقہ 248 8094 22
کرس گیل ویسٹ انڈیز ویسٹ انڈیز 242 8442 21