بورڈ چند سینئر کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگانے کا خواہاں، ایک کھلاڑی خود الوداع کہنے کو تیار

1 1,068

پاکستان کے دورۂ جنوبی افریقہ میں قومی ٹیم کی کارکردگی میں صرف ایک ہی لحاظ سے تسلسل رہا، وہ تھی سینئرز کی زوال پذیر کارکردگی۔ یونس خان، شاہد آفریدی، مصباح الحق، شعیب ملک اور محمد حفیظ کی بدترین کارکردگی نے جہاں قومی ٹیم کی شکست کی راہ ہموار کی وہیں ان میں سے بیشتر کھلاڑیوں کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

مستقبل کے کپتان سمجھے جانے والے محمد حفیظ ون ڈے سیریز کے پانچ میچز میں صرف 118 رنز بنا سکے (تصویر: AFP)
مستقبل کے کپتان سمجھے جانے والے محمد حفیظ ون ڈے سیریز کے پانچ میچز میں صرف 118 رنز بنا سکے (تصویر: AFP)

پاکستان کو سب سے پہلے ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کی ہزیمت اٹھانا پڑی، جہاں اسے تینوں مقابلوں میں بدترین شکست ہوئی۔ کیوں؟ ذرا سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی ہی سے اندازہ لگا لیں۔ سب سے تجربہ کار بلے باز یونس خان نے تین ٹیسٹ میچز میں صرف 184 رنز بنائے جبکہ مصباح نے 135 اور محمد حفیظ نے صرف 43۔ حیران کن بات یہ ہے کہ ٹیم کے اوپنرز محمد حفیظ اور ناصر جمشید سے زیادہ رنز سعید اجمل نے بنائے۔

بہرحال، ون ڈے سیریز میں شاہد آفریدی مکمل طور پر ناکام رہے۔ اگر ایک میچ میں 88 رنز کی شکست خوردہ اننگز کو ایک طرف رکھ دیا جائے تو بقیہ چار میچز میں آفریدی نے صرف 38 رنز بنائے۔ ایک مرتبہ وہ صفر پر بھی آؤٹ ہوئے۔

یونس خان مکمل طور پر ناکام رہے اور پانچ میچز میں صرف 116 رنز بنا پائے، پروفیسر حفیظ 118 اور شعیب ملک 105 رنز تک ہی جا سکے۔

اب ایسی کارکردگی کے بعد جہاں چند کھلاڑیوں کے خلاف بورڈ نے کارروائی کا سوچا ہے تو کچھ ایسے ہیں جو 'باعزت ' طور پر خود ریٹائرمنٹ کا سوچ رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں شکست اور سینئر کھلاڑیوں کی گھٹیا کارکردگی پر وطن واپسی پر کپتان، مینیجر اور تمام سینئر کھلاڑیوں کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس کے بعد چند بڑے ناموں کو الوداع کہے جانے کا بھی امکان ہے۔

دوسری جانب کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک سینئر کرکٹر کے خاندانی ذرائع نے 'کرک نامہ' کو بتایا ہے کہ خراب کارکردگی کے بعد ان کے عزیز نے ایک روزہ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس کا اعلان وہ وطن واپسی کے بعد جلد کریں گے۔