یونس خان کا ایک روزہ کیریئر تمام ہوا؟

0 1,045

حالیہ دورۂ جنوبی افریقہ اور اس سے قبل دیگر مواقع پر ناقص کارکردگی نے یونس خان کے ایک روزہ کیریئر پر ایک بڑا سوالیہ نشان لگا دیا ہے اور اب چیمپئنز ٹرافی کے لیے اعلان کردہ ابتدائی 30 رکنی دستے میں ان کے نام کی عدم موجودگی اس شبہ کو تقویت دیتی نظر آتی ہے۔

یونس نے جنوبی افریقہ کے حالیہ سیریز میں کل ملا کر صرف 116 رنز بنائے (تصویر: BCCI)
یونس نے جنوبی افریقہ کے حالیہ سیریز میں کل ملا کر صرف 116 رنز بنائے (تصویر: BCCI)

پاکستان نے جون میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2013ء کے لیے جس 30 رکنی ابتدائی دستے کا اعلان کیا ہے اس میں تجربہ کار بلے باز کا نام موجود نہیں ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف حال ہی میں مکمل ہونے والی پانچ مقابلوں کی سیریز میں وہ 23.20 کے اوسط سے محض 116 رنز بنا پائے جبکہ اس سے قبل بھی ایک روزہ طرز میں ان کی کارکردگی کچھ اطمینان بخش نہیں رہی۔

چیمپئنز ٹرافی 3 سے 23 جون تک انگلستان میں منعقد ہو رہی ہے جہاں دنیائے کرکٹ کی صف اول کی آٹھ ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف مدمقابل ہوں گی۔ پاکستان روایتی حریف بھارت، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ گروپ 'بی' میں ہوگا۔ جبکہ گروپ 'اے' میں نیوزی لینڈ، سری لنکا، انگلستان اور دفاعی چیمپئن آسٹریلیا شامل ہوں گے۔

35 سالہ یونس خان کی ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی خبریں ویسے ہی گردش میں تھیں لیکن اس کی تردید سامنے آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے تازہ اعلان نے یونس کے لیے نیا مسئلہ کھڑا کر دیا ہوگا۔ یونس خان نے 2009ء میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتنے کے فوراً بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

یونس خان نے 2000ء میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور 253 ایک روزہ مقابلوں میں 31.88 کے اوسط سے 7014 رنز بنائے ہیں۔

ان کے علاوہ ٹورنامنٹ کے لیے ابتدائی دستے میں شامل نہ کیا گیا ایک اور اہم نام آل راؤنڈر عبد الرزاق کا ہے جو نومبر 2011ء کے بعد سے ایک روزہ ٹیم میں واپس نہیں آ سکے جبکہ شاہد آفریدی کا نام موجود ہے۔

اعلان کردہ 30 رکنی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

ناصر جمشید، محمد حفیظ، عمران فرحت، احمد شہزاد، مصباح الحق، حارث سہیل، اسد شفیق، عمر اکمل، شعیب ملک، عمر امین، سہیل تنویر، حماد اعظم، اظہر علی، شاہد آفریدی، اسد علی، انور علی، جنید خان، محمد عرفان، وہاب ریاض، عمر گل، راحت علی، احسان عادل، عمران خان، اعزاز چیمہ، یاسر عرفات، سعید اجمل، عبد الرحمٰن، ذوالفقار بابر، کامران اکمل، محمد رضوان۔