نو بال کے قانون میں تبدیلی، اسٹیون فن کے لیے بری خبر

1 1,065

خبر تو خیر اتنی بڑی نہیں لیکن لیکن انگلستان کے باؤلر اسٹیون فن کے لیے روح فرسا ہوگی، جن کی باؤلنگ کے دوران نان اسٹرائیکر اینڈ پر وکٹیں بکھیر دینے کی عادت نہ صرف امپائروں بلکہ خود ان کی ٹیم کے لیے بھی پریشان کن ہے اور ایک مرتبہ بڑا تنازع بھی کھڑا کر چکی ہے۔ دراصل بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے اب اس گیند کو آئندہ 'نو بال' قرار دینے کا قانون لاگو کر دیا ہے، جس کو پھینکتے ہوئے باؤلر کے قدموں یا ہاتھ یا کسی بھی چیز سے نان-اسٹرائیکر اینڈ کی وکٹ بکھر جائے۔

گزشتہ سال اگست میں اسٹیون فن کی گیند کو ڈیڈ بال قرار دیے جانے نے ایک ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا جس پر ایم سی سی نے یہ فیصلہ دیا (تصویر: Getty Images)
گزشتہ سال اگست میں اسٹیون فن کی گیند کو ڈیڈ بال قرار دیے جانے نے ایک ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا جس پر ایم سی سی نے یہ فیصلہ دیا (تصویر: Getty Images)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے کرک نامہ کو بھیجے گئے اعلامیہ کے مطابق یہ قانو ن30 اپریل سے تمام طرز کی کرکٹ یعنی ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی پر لاگو ہوگا اور اس نئے قانون کے تحت پہلا مقابلہ 3 مئی کو بنگلہ دیش اور زمبابوے کے درمیان بلاوایو میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کے جنرل مینیجر جیف ایلارڈس نے کہا کہ "حالیہ مقابلوں میں اس صورتحال سے دوچار ہونے پر امپائروں نے گیند کو "ڈیڈ بال" قرار دیا لیکن یہ فیصلہ اس صورتحال کو درست انداز میں حل نہیں کر پا رہا تھا۔" انہوں نے کہا کہ میری لبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے حال ہی میں نو بال کے قانون میں ترمیم کر کے اس مسئلے کو حل کرنے کا فیصلہ کیا۔ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی نے ایم سی سی کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے اسے قانون میں شامل کر دیا ہے۔"

آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹوز کمیٹی نے مارچ میں دبئی میں ہونے والے اجلاس میں اس قانون کی منظوری دی تھی۔

گزشتہ سال اگست میں جنوبی افریقہ کے دورۂ انگلستان کے دوسرے ٹیسٹ کے دوران اسٹیون فن کی نان اسٹرائیکر اینڈ پر وکٹوں سے ٹکرانے کی عادت نےاس وقت ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا، جب بیلز گرتے ہی امپائر نے ڈیڈ بال کا اشارہ دے دیا اور گیند حریف جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ کے بلے کو چھوتی ہوئی پہلی سلپ کے فیلڈر کے ہاتھوں میں چلی گئی۔ لیکن کیونکہ امپائر اسٹیو ڈیویس پہلے ہی گیند کو ڈیڈ بال قرار دے چکے تھے، اس لیے گریم اسمتھ ناٹ آؤٹ قرار پائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلے باز پہلے ہی فن کی شکایت کر چکے تھے کہ فن کے وکٹوں سے ٹکرانے کے باعث ان کی توجہ بٹ جاتی ہے۔ اس مقابلے کے ابتدائی چند اوورز میں ہی اسٹیون فن تین مرتبہ نان اسٹرائیکر اینڈ پر بیلز گرا چکے تھے۔

اس تنازع کے باوجود فن کی وکٹوں کو چھونے کی عادت تو نہ گئی، لیکن اب آئی سی سی نے انہیں "سیدھا"کرنے کا تہیہ کرتے ہوئے چیلنج کیا ہے کہ اب ٹکرا کر دکھاؤ 🙂