ڈکی برڈ کی نظر میں عمران خان عظیم ترین ٹیسٹ الیون کے کپتان، بریڈمین اور سچن باہر

1 1,149

دنیا کے عظیم ترین بلے بازوں کی بات کی جائے اور سچن تنڈولکر، ڈان بریڈمین اور رکی پونٹنگ جیسے کھلاڑیوں کا ذکر نہ ہو تو یقیناً آپ کو تعجب ہوگا۔آپ بھی یہی گمان کریں گے کہ کرکٹ کے معاملے میں ایک ایسا کورا انسان ہی ایسی باتیں کہہ سکتا ہے جو اس کے الف، ب سے بھی ناواقف ہو ۔لیکن آپ یہ سن کر استعجاب میں مبتلا ہو جائیں گے کہ یہ عجیب و غریب باتیں کرکٹ کے کسی اناڑی نے نہیں بلکہ انگلستان سے تعلق رکھنے والے مشہور و معروف امپائر ڈکی برڈ نے کی ہیں۔

ڈکی برڈ نے جنوبی افریقہ کے بیری رچرڈز اور گریم پولاک کی شمولیت کی توجیہ بھی پیش کی ہے (تصویر: Getty Images)
ڈکی برڈ نے جنوبی افریقہ کے بیری رچرڈز اور گریم پولاک کی شمولیت کی توجیہ بھی پیش کی ہے (تصویر: Getty Images)

انہوں نے دنیا کے عظیم ترین گیارہ ٹیسٹ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے جس میں سچن تنڈولکر اور ڈان بریڈ مین سمیت کئی مایہ ناز کھلاڑیوں کے نام نہیں ہیں۔ حیرت انگیز طور پر بھارت میں ان کی نظر التفات سنیل گاوسکر پر پڑی ہے۔ جو ان کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں دنیا کے بہترین افتتاحی بلے باز ہیں۔ سنیل گاوسکر کی جوڑی ڈکی نے جنوبی افریقہ کے بیری رچرڈز کے ساتھ بنائی ہے۔

بلے بازوں کی فہرست میں انہوں نے جنوبی افریقہ کے ہی گریم پولاک کو پانچویں مقام پر رکھا ہے۔ جبکہ ان کی نظر میں دنیائے کرکٹ کے بہترین وکٹ کیپر بیٹسمین ان کے ہم وطن ایلن ناٹ ہیں۔

عظیم ترین ٹیسٹ الیون کی اس فہرست میں انہوں نے تین آسٹریلوی کھلاڑی گریگ چیپل، شین وارن اور ڈینس للی اورتین ویسٹ انڈین کھلاڑی گارفیلڈ سوبرز، ویوین رچرڈز اور لانس گبز کو شامل کیا ہے۔

ایشیا ئی سرزمین سے ڈکی کی نظروں نے سنیل گاوسکر کے علاوہ عمران خان کو منتخب کیا ہے۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے عمران خان کو اس عظیم ترین ٹیسٹ الیون کا کپتان بھی مقرر کیا ہے۔

80ء کی دہائی کے کامیاب ترین کپتان اور ویسٹ انڈیز کو ابتدائی دو عالمی کپ دلانے والے کلائیو لائیڈ اور خود ان کے ہم وطن مائیک بریرلی کا کپتانی کے اعزاز کے لئے منتخب نہ کیا جانا بلاشبہ حیرت کا باعث ہے۔ لیکن ڈکی برڈ کے اس عجیب و غریب انتخاب کی حقیقت یہی ہے۔

اسپن کے شعبے میں آسٹریلیا کے شین وارن اور ویسٹ انڈیز کے لانس گبز یقیناً فٹ بیٹھتے ہیں لیکن سری لنکا کے متیاہ مرلی دھرن اور 70ء کے دہائی کے بھارت کے مایہ ناز اسپنر بشن سنگھ بیدی ڈکی کے اس انتخاب سے ناخوش ہوں گے۔
تاہم
ڈکی برڈ انتہائی جرات مندانہ انداز میں اپنے اس انتخاب کی تائید کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عزت خریدی نہیں جاتی بلکہ اسے حاصل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم ترین ٹیسٹ الیون کا انتخاب انہوں نے پوری ایمانداری کے ساتھ کیا ہے اور انہیں کسی کھلاڑی کے ساتھ کوئی بغض نہیں ہے۔ یہی نہیں بلکہ ڈکی برڈ اپنے اس منفرد اورچونکا دینے والے انتخاب کی توجیہ بھی کرتے ہیں۔ مثلاً جنوبی افریقہ کے بیری رچرڈز اور گریم پولاک ان کی نظر میں نسلی تفریق کے شکار ہونے کی وجہ سے عالمی منظر نامے پرایک لیجنڈ کی حیثیت حاصل نہ کر سکے۔ ورنہ ان دونوں کھلاڑیوں کا شمار دنیائے کرکٹ کی سرکردہ شخصیات میں کیا جاتا۔ یہی وجہ ہے کہ بلے بازوں کے زمرے میں مذکورہ دونوں کھلاڑیوں کو ڈکی نے بالترتیب دوسرے اور چوتھے مقام پر رکھا ہے۔

ڈکی کے ذریعہ عظیم ترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیسٹ ٹیم ان لوگوں کے لئے خصوصی توجہ کا مرکز ہے جو آج تک اس نتیجے پر پہنچنے سے قاصر رہے ہیں کہ سچن اور بریڈ مین میں کون عظیم تر ہے۔ کیونکہ ان کے اس عجیب وغریب انتخاب کے بعد تو سرے سے اس بحث کی گنجائش ہی باقی نہیں رہتی ہے۔ ساتھ ہی ان کے اس انتخاب نے کھلاڑیوں کو ان کی عظمت کی بنیاد پر پرکھنے کا روایتی معیار توڑ دیا ہے۔

ڈکی برڈ کی عظیم ترین ٹیسٹ الیون

  • سنیل گاوسکر (بھارت)
  • بیری رچرڈز (جنوبی افریقہ)
  • ویوین رچرڈز (ویسٹ انڈیز)
  • گریگ چیپل (آسٹریلیا)
  • گریم پولاک (جنوبی افریقہ)
  • گارفیلڈ سوبرز (ویسٹ انڈیز)
  • عمران خان (پاکستان)(کپتان)
  • شین وارن (آسٹریلیا)
  • ڈینس للی (آسٹریلیا)
  • لانس گبز (ویسٹ انڈیز)
  • ایلن ناٹ (انگلینڈ)