کرس گیل سے نہیں ڈرتا، وکٹیں اڑا دوں گا: سعید اجمل

1 1,102

کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنا کر ویسٹ انڈیز کے کرس گیل باؤلرز کے لیے دہشت کی علامت بن گئے ہیں۔ سال کا اہم ترین ٹورنامنٹ یعنی چیمپئنز ٹرافی شروع ہونے سے قبل طوفانی بلے بازی کا یہ مظاہرہ اچھے بھلے گیندبازوں کا پتہ پانی کر چکا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ انہیں آگے بڑھ کر یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ نہیں جی، ہم ڈرتے ورتے نہیں ہیں۔

سعید اجمل سمیت چیمپئنز ٹرافی کے پاکستانی اسکواڈ کا کوئی باؤلر کبھی کرس گیل کو آؤٹ نہیں کر سکا (تصویر: BCCI)
سعید اجمل سمیت چیمپئنز ٹرافی کے پاکستانی اسکواڈ کا کوئی باؤلر کبھی کرس گیل کو آؤٹ نہیں کر سکا (تصویر: BCCI)

دنیا کے نمبر ایک اسپنر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ انہیں کرس گیل سے ڈرنے کی ضرورت نہیں اور وہ کرس کی وکٹیں باآسانی اڑائیں گے۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان کا پہلا ٹکراؤ ہی ویسٹ انڈیز سے ہوگا جب 7 جون کو اوول کے تاریخی میدان میں دونوں ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

سعید اجمل کا کہنا ہے کہ انہیں نئی ورائٹی کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ اپنے ہتھیاروں کے موجودہ ذخیرے ہی سے حریف بلے بازوں کو ٹھکانے لگا سکتے ہیں۔

پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹورنامنٹ کی دو مضبوط ترین ٹیموں بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف بھی کھیلے گا، اس لیے سعید اجمل اور دیگر باؤلرز پر بھاری ذمہ داری عائد ہوگی کہ وہ دنیا کے بہترین بلے بازوں کو ٹھکانے لگائیں۔

حیران کن امر یہ ہے کہ پاکستانی دستے میں کوئی ایک ایسا باؤلر بھی موجود نہیں، جس نے ایک روزہ کرکٹ میں کبھی کرس گیل کی وکٹ حاصل کی ہو۔ خود سعید اجمل تین مقابلوں میں گیل کے خلاف میدان میں اترے اور اس طوفانی بلے باز کو آؤٹ نہ کر سکے۔ پاکستان کے مرکزی باؤلرز جنید خان اور محمد عرفان تو پہلی بار بین الاقوامی کرکٹ میں گیل کا سامنا کریں گے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ گیل کے خلاف پاکستانی گیندباز کیا کمال دکھاتے ہیں؟