گریم اسمتھ ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر ثابت قدم

0 1,019

جنوبی افریقہ کے کپتان گریم اسمتھ نے کہا ہے کہ اگر پروٹیز عالمی کپ جیت بھی جاتے ہیں تب بھی وہ ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں سے اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس نہیں لیں گے۔

انہوں نے عالمی کپ سے قبل اعلان کیا تھا کہ وہ ٹورنامنٹ کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے اور اپنی تمام تر توجہ ٹیسٹ کرکٹ پر مرکوز رکھیں گے۔

گریم اسمتھ نے 2003ء میں صرف 22 سال کی عمر میں جنوبی افریقہ کی قیادت سنبھالی تھی۔ ملکی تاریخ کے کم عمر ترین کرکٹ کپتان تھے۔ وہ ٹی ٹونٹی اسکواڈ کی قیادت پہلے ہی یوہان بوتھا کے حوالے کر چکے ہیں۔ البتہ وہ ٹیسٹ دستے کی قیادت جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ عالمی کپ کئی وجوہات کی بناء پر ان کے لیے بہت زیادہ اہم ہے۔ البتہ انہیں افسوس ہے کہ وہ اپنی بلے بازی کے ذریعے ٹیم کی فتوحات میں بڑا حصہ نہیں ڈال پا رہے، لیکن ان کا کہنا ہے کہ مجھے پوری امید ہے کہ میں اس وقت فارم میں واپس آؤں گا جب ٹیم کو سب سے زیادہ ضرورت ہوگی۔

اسمتھ نے 2008ء میں انگلستان اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کامیابیوں کو اپنے کیریئر کے بہترین لمحات قرار دیا۔